کگیسوربادا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے جنوبی افریقن بائولر بن گئے

شارجہ۔6نومبر (اے پی پی):کگیسوربادا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیٹرک کرنے والے جنوبی افریقہ کے پہلے اور دنیا کے 23ویں بائولر بن گئے، انہوں نے ہفتہ کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا، ربادا نے اننگز کے آخری اوور کی ابتدائی تین گیندوں پر انگلش بلے بازوں کرس ووکس، ایوان مورگن اور کرس جورڈن کو آﺅٹ کر کے ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پہلی ہیٹرک کرنے کا اعزاز سابق آسٹریلوی بائولر بریٹ لی کو حاصل ہے جنہوں نے 2007-08ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں دو ہیٹرکس کرنے کا عالمی اعزاز سابق سری لنکن فاسٹ بائولر لاستھ مالنگا کے پاس ہے، جنہوں نے 2016ءمیں بنگلہ دیش جبکہ 2019ءمیں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔