وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بجلی کے بڑے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنا ناگزیر ہے تاکہ عوام کو مستقل اور معیاری بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
گلگت بلتستان میں بجلی بحران کے خاتمے کے لیے بڑے پاور منصوبوں پر کام تیز کیا جائے،وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ

مزید خبریں
گلگت۔ 13 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے محکمہ برقیات کے پی ایس ڈی پی منصوبوں 26 میگاواٹ شغرتھنگ پاور پروجیکٹ، 20 میگاواٹ ہنزل، 100 میگاواٹ سولر،16 میگاواٹ نلتر اور ریجنل گرڈ کے قیام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے بجلی کے بڑے منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
پی ایس ڈی پی کے تحت پاور کے تمام منصوبوں کے ٹائم لائنز کو یقینی بنانے کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور متعلقہ آفیسران حکمت عملی وضع کریں، ان اہم منصوبوں کے رفتار کو تیز کرنے کیلئے بروقت درکار ریلیزز کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے سفارش کی جائے گی تاکہ عوام کو بجلی کے حوالے سے درپیش مشکلات کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے مختلف جاری پی ایس ڈی پی پروجیکٹس کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر پروجیکٹس کی گاڑیاں واپس کی جائیں۔وزیر اعلیٰ نے پاور سٹیشنز کی تعمیر کے بعد ٹیکنیکل سٹاف کے نہ ہونے کی وجہ سے آپریشن اور مینٹیننس میں درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ ان پاور سٹیشنز میں مستقل بنیادوں پر تربیت یافتہ سب انجینئرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے اور تمام نئے تعمیر ہونے والے پاور پروجیکٹس کی ٹیسٹنگ فل لوڈ پر یقینی بنائی جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مستقبل میں بڑے پاور پروجیکٹس میں سرمایہ کاروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت راغب کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں درپیش بجلی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔صوبے میں ٹیرف اور بلنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی اصلاحات کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے 26 میگاواٹ شغرتھنگ پاور پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ متعلقہ علاقے میں ورکنگ سیز ن کو مدنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پلان تیار کیا جائے۔ اس موقع پر کمشنر بلتستان اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کوہدایت کی کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ رابطہ رکھیں تاکہ ان اہم منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے اجتناب کیا جاسکے۔ سردیوں کے موسم میں بھی شغرتھنگ ٹنل کی تعمیر کا کام جاری رکھا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے 20 میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ پر جاری کام میں تاخیر کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ گلگت کیلئے 20میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس اہم منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی۔ متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو سننے کے بعد حکمت عملی طے کی جائے گی کہ اس منصوبے پر کام فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ اس منصوبے کو جلد مکمل کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے 100میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش بجلی بحران کے خاتمے کیلئے اس منصوبے کا اعلان کیا ہے اور وزیر اعظم پاکستان اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹر اور محکمہ اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے ٹائم لائنز پر عملدرآمد کریں۔ وزیر اعلیٰ نے 16 میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ میں زمینوں کے معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گلگت کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایک ہفتے میں زمینوں کے تمام معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بناکر رپورٹ پیش کریں۔ وزیر اعلیٰ نے اس اہم منصوبے کو 31 اگست تک مکمل کرنے کے احکامات دیئے۔ ریجنل گرڈ فیز I پر جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس منصوبے میں استعمال ہونے والے تمام ٹاورز کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ٹاورز کیلئے درکار زمین کی دستیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔








