گلگت بلتستان میں توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، وزیراعلیٰ امجد حسین

گلگت بلتستان میں توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، وزیراعلیٰ امجد حسین

گلگت۔ 29 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے سیکرٹری سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل جمیل احمد قریشی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری نے وزیر اعلیٰ کو گلگت بلتستان میں توانائی، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آسان کاروبار ایکٹ کے ذریعے وفاق اور تمام صوبوں میں سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ کونسل کے پلیٹ فارم کے ذریعے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں سیاحت اور پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں تاہم اس وقت گلگت بلتستان کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے۔ صوبے میں پن بجلی کی پیداوار کے لیے مختلف منصوبوں کی فزیبلٹی رپورٹس تیار کر لی گئی ہیں جن میں ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے تحت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ 10 میگاواٹ سولر اور اکنامک زون کے مقام پر 45 میگاواٹ رن آف دی ریور منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹس مکمل ہو چکی ہیں، جن کے پی سی۔1 سرمایہ کاری کی غرض سے کو بھجوائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے انڈسٹریل اور اکنامک زونز کے قیام سے متعلق پی سی۔ 1 بھی کونسل کے پلیٹ فارم میں پیش کی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آسان کاروبار ایکٹ کو صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جس سے سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ صوبائی حکومت خطے میں معاشی سرگرمیوں کو تیزی سے آگے بڑھانے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکرٹری منرلز، سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔