گوادر فری زون اورگوادرکی بندرگاہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم اورکلیدی نوعیت کے اہم منصوبے ہیں، وفاقی وزیرخزانہ

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ گوادر فری زون اورگوادرکی بندرگاہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم اورکلیدی نوعیت کے اہم منصوبے ہیں جو خطہ کی ترقی اورخوشحالی میں اہم کردار اداکریں گے۔یہ بات انہوں نے چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیئرمین ژانگ بائوژونگ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے ژانگ بائوژونگ کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر پورٹ اور گوادر فری زون ایریا کو سی پیک کے اہم منصوبوں کے طور پر ترقی دینا خطے کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار اداکریں گے، وزیر خزانہ نے پاکستان کی خطے کی سب سے زیادہ تزویراتی طور پر واقع بندرگاہ کی ترقی کے لیے چینی کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ تکنیکی معاونت کو سراہا۔

چیئرمین ژانگ بائوژونگ نے پاکستان اور خطے کی اقتصادی خوشحالی میں گوادرکی بندرگاہ کی اہمیت اوربے پناہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور بتایا کہ ان کی کمپنی میری ٹائم اور لاجسٹکس کے شعبوں میں مزید تعاون کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے گوادر بندرگاہ کی ترقی کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا ۔

ملاقات میں بندرگاہ کی ترقی اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال اور فیصلے کیے گئے۔ وزیر خزانہ نے کمپنی کی کوششوں کو سراہا اور اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے میں موجودہ حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔