گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کی ہنہ اوڑک میں دہشت گرد حملے کی مذمت

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کی ہنہ اوڑک میں دہشت گرد حملے کی مذمت

کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے گزشتہ رات ہنہ اوڑک میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر ہاؤس سے جاری کردہ بیان کے مطابق گورنر بلوچستان نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط، مؤثر اور ٹھوس اقدامات کریں تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔گورنر جعفر خان مندوخیل نے حملے میں مقامی قبائلی افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس المناک سانحے پر حکومت اور پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت کاملہ نصیب کرے اور متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید خبریں