گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا امریکہ ایران کے درمیان طے پانے والی تاریخی ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کا خیرمقدم

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں سے طے پانے والی تاریخی ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور سفارتکاری کی کامیابی قرار دیا ہے

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں سے طے پانے والی تاریخی ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور سفارتکاری کی کامیابی قرار دیا ہے۔ جمعرات کو جاری بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، وزیر داخلہ محسن نقوی کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارتکاری کے فروغ کا داعی رہا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے معاہدے پر دستخط اس بات کا ثبوت ہیں کہ پیچیدہ تنازعات کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات، برداشت اور سفارتی کوششوں میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی فوری بحالی اور بحری ناکہ بندی کے خاتمے جیسے اقدامات نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ عالمی تجارت، توانائی کی ترسیل اور معاشی استحکام کے لیے بھی مثبت اثرات مرتب کریں گے۔ فیصل کریم کنڈی نے امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ، ایرانی قیادت اور دونوں ممالک کی مذاکراتی ٹیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے اختیار کی گئی دانشمندانہ حکمت عملی قابل تحسین ہے۔انہوں نے قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کی سفارتی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ علاقائی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں باہمی احترام، اعتماد سازی اور مشترکہ خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی اور آنے والی نسلوں کے لیے امن اور ترقی کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔

مزید خبریں