گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن(این ٹی سی)آفس خیبرپختونخوا کی جانب سے گورنر ہاؤس پشاور میں محکمانہ بریفنگ دی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی پربریفنگ

مزید خبریں
پشاور۔ 17 مارچ (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن(این ٹی سی)آفس خیبرپختونخوا کی جانب سے گورنر ہاؤس پشاور میں محکمانہ بریفنگ دی گئی۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاورکے مطابق نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کےڈائریکٹر پشاور نور حکیم نےگورنر خیبرپختونخوا کو صوبہ میں نیشنل ٹیلی کمیو نیکیشن کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ گورنر خیبر پختونخوا کوصوبائی سطح پر12 اضلاع میں این ٹی سی کے قائم ادارہ جاتی اسٹرکچر پر بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ این ٹی سی کے زیرانتظام صوبہ کے بندوبستی اضلاع اور ضم قبائلی اضلاع میں جاری منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ملکی سطح پر این ٹی سی کے جدید ٹرانسمیشن نیٹ ورک سسٹم منصوبہ، ڈیٹا سنٹر، سولرائزیشن منصوبہ،پبلک وائی فائی منصوبہ، سکولوں اور بنیادی مراکز صحت میں انٹرنیٹ فراہمی کا منصوبہ پر بھی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں گورنر کو بتایا گیاکہ صوبہ میں نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے زیرانتظام 10 ہزار کے قریب ٹیلیفون اور 2 ہزار کے قریب ڈی ایس ایل انٹر نیٹ کام کر رہے ہیں۔ پشاور میں نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن 300 ملین روپے کی لاگت سے تیز ترین فائبر انٹرنیٹ منصوبہ پر کام کر رہا ہے۔ گورنر کو بتایا گیاکہ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے پاس تمام حکومتی اداروں کو ڈیٹا، آئی ٹی، ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کا مینڈیٹ ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی اور مواصلاتی رابطے کیلئے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے منصوبوں کو مفید اقدام قرار دیا اور کہاکہ نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے منصوبے عوام تک جدید سہولیات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے،ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ہر شہری، چاہے وہ شہری مرکز میں ہو یا ضم اضلاع و دور دراز علاقوں میں، ڈیجیٹل خدمات تک آسان رسائی حاصل کرے۔گورنرنے کہاکہ ہر منصوبے کی بروقت تکمیل ہماری ترجیح ہونی چاہیے تاکہ عوام کو فوری اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








