گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے تاجروں کے وفد کی ملاقات، شہر ی مسائل بارے تجاویز پیش کیں

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے منگل کے روز معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات عارف حبیب، عقیل کریم ڈھیڈی، ایس خالد تواب، محمد حسن بخشی، احمد چنائے، حنیف گوہر اور حاجی غنی عثمان نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔

کراچی۔ 19 مئی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے منگل کے روز معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات عارف حبیب، عقیل کریم ڈھیڈی، ایس خالد تواب، محمد حسن بخشی، احمد چنائے، حنیف گوہر اور حاجی غنی عثمان نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں سندھ میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی، تعمیراتی شعبے اور مجموعی معاشی سرگرمیوں کے استحکام پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت سرمایہ کاروں کو سازگار، محفوظ اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی اور صنعتی شعبوں کی ترقی سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

ملاقات میں صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، تجارتی سرگرمیوں کے استحکام اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔کاروباری شخصیات نے معیشت کی بہتری، صنعتوں کی ترقی اور کاروبار دوست پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔وفد نے کہا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر میں مزید بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا ۔

وفد نے ٹریفک، پانی، سیوریج، انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔گورنر سندھ نے وفد کی تجاویز کو صوبائی اور وفاقی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔