اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے جمعہ کو عوامی جمہوریہ الجزائر کے قومی دن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے الجزائر کی حکومت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ہارون اختر خان نے الجزائر کے جدوجہد سے آزادی تک کے شاندار سفر کو سراہتے …
ہارون اختر خان نے پاکستان اور الجزائر کے دیرینہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو سراہا

مزید خبریں
اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے جمعہ کو عوامی جمہوریہ الجزائر کے قومی دن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے الجزائر کی حکومت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ہارون اختر خان نے الجزائر کے جدوجہد سے آزادی تک کے شاندار سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سفر حوصلے اور قومی فخر کی ایک لازوال داستان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور الجزائر کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ امنگوں اور تاریخی یکجہتی پر مبنی ہیں۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان نے الجزائر کی آزادی کی تحریک کی حمایت اُس وقت بھی کی جب الجزائر کا قیام عمل میں نہیں آیا تھااور پاکستان اُن اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے الجزائر کی عبوری حکومت کو تسلیم کیا اور 1963 میں سفارتی تعلقات قائم کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں پاکستان اور الجزائر کے تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک نے اقوام متحدہ ،تنظیمِ تعاونِ اسلامی اور غیر وابستہ تحریک جیسے عالمی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان معاشی امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہاکہ پاکستان اور الجزائر دونوں قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں اور تربیت یافتہ افرادی قوت رکھتے ہیں۔ باہمی تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے ہم مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔انہوں نے الجزائر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے ابھرتے ہوئے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور بتایا کہ حکومت پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کی دور اندیش قیادت میں نئی صنعتی پالیسی، نیشنل ٹیرف پالیسی
اور نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی پالیسی جیسے اقدامات متعارف کروائے ہیں، جو برآمدات پر مبنی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری اور صنعتی جدیدیت کے فروغ کے لیے وضع کیے گئے ہیں ۔ہارون اختر خان نے مزید کہاکہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان صنعتی بحالی کے ایک نئے دور سے گزر رہا ہے جو جدیدیت، شمولیت، اور اختراع پر مبنی ہے۔ ہم ایک شفاف، سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو اختراعات کو فروغ دے اور طویل المدتی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے۔معاونِ خصوصی نے پاکستان کی الجزائر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان یقین رکھتا ہے کہ باہمی تعاون کے ذریعے دونوں ممالک صنعت، اختراع اور خوشحالی میں ساتھ ساتھ ترقی کر سکتے ہیں۔ اللہ کرے پاکستان اور الجزائر کی دوستی مزید مضبوط ہو، جو ہمارے مشترکہ اقدار اور بہتر مستقبل کے وژن کی رہنمائی میں آگے بڑھے۔








