اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج کے دن اس عزم کو ایک بار پھر دہراتا ہے کہ ملک کے …
ہر بچے کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، عائشہ رضا فاروق

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج کے دن اس عزم کو ایک بار پھر دہراتا ہے کہ ملک کے تمام بچوں کو پولیو سے پاک اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جائے گا۔
اپنے پیغام میں عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ’’صحت مند بچپن کی شروعات ہر بچے کو پولیو سے تحفظ دینے سے ہوتی ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ ہر قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے دو قطرے ضرور پلوائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین محفوظ، موثر اور بچوں کے مستقبل کے تحفظ کی ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ پاکستان کے بچے تب ہی ترقی کر سکتے ہیں جب وہ پولیو جیسے مہلک مرض سے محفوظ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج بچوں کو پولیو سے بچائیں، تاکہ کل کا پاکستان زیادہ مضبوط، محفوظ اور صحت مند ہو۔
عائشہ رضا فاروق نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ انسدادِ پولیو مہمات میں بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم پولیو کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنائیں گے۔








