ہلال احمر پاکستان کی جانب سے سوات کے مستحق خاندانوں میں امداد کی تقسیم

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ ،ترک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور نارویجئین ریڈ کراس کے اشتراک سے سوات میں 216 مستحق خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا۔اس اقدام کے تحت ہر خاندان کو فوڈ پیک، حفظانِ صحت کی کٹس اور گھریلو استعمال کی ضروری اشیاجیسے بالٹی، مگ اور جیری کین فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ ،ترک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور نارویجئین ریڈ کراس کے اشتراک سے سوات میں 216 مستحق خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا۔اس اقدام کے تحت ہر خاندان کو فوڈ پیک، حفظانِ صحت کی کٹس اور گھریلو استعمال کی ضروری اشیاجیسے بالٹی، مگ اور جیری کین فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے مچھر دانیاں اور منرل واٹر بھی دیا گیا۔اس موقع پر 40 حاملہ خواتین کو فی کس 22,000 روپے اور 350 خاندانوں کو فی کس 45,000 روپے بطور کثیر المقاصد نقد امداد دی گئی تاکہ وہ اپنی فوری ضروریات کو عزت و وقار کے ساتھ پورا کر سکیں۔تقریب میں ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نیک، چیئرمین خیبرپختونخوا برانچ فرزند علی وزیر، سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان محمد عبیداللہ خان، آئی ایف آر سی کے پاکستان میں سربراہ فرید عبدالقدیر، ترک ریڈ کریسنٹ کی پاکستان میں سربراہ بیضا ٹینر، ہلال احمر سٹاف

رضاکاروں اور دیگر ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ پارٹنرز نے شرکت کی۔ فرزانہ نیک نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستحق گھرانوں کی مدد ہلال احمر پاکستان کے اس عزم کی مظہر ہے کہ وہ ملک کے مستحق ترین طبقوں تک امداد پہنچانے کے لئے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی برانچز اور شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ امداد ان لوگوں تک پہنچے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے آئی ایف آر سی ، ترک ریڈ کریسنٹ، نارویجیئن ریڈ کراس اور دیگر پارٹنرز کا انسانیت کی خدمت میں تعاون اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر آئی ایف آر سی کے فرید عبدالقادر بیضا ٹینرنے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں سوات میں ہلال احمرپاکستان کی برانچ کا بھی دورہ کیا گیا۔ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پروگرام کے تحت شجرکاری مہم میں پودے بھی لگائے گئے۔