یوایس ایڈ نے پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے امداد میں مزید 20 ملین ڈالر کا اضافہ کیا ہے ، ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران یوایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاورنے کہا ہے کہ ان کے ادارے نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد میں مزید 20 ملین ڈالر کا اضافہ کیا ہے اور اب یہ امداد بڑھ کر 51 ملین ڈالر پر پہنچ گئی ہے ۔

وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور جو کہ سیلاب سے متعلق تباہی کے پیمانے کا جائزہ لینے کے لیے 8 سے 9 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں، نے آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے سیلاب کے تناظر میں امریکہ کی طرف سے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے پر سمانتھا پاور کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کا دورہ اس وقت ہورہا ہے جب کہ پاکستان سپر فلڈ سے ہونے والی بڑی تباہی سے نبرد آزما ہے، یہ دورہ امریکی حکومت کی پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔

وزیراعظم نے سمانتھا پاور کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیمانے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1300 سے زیادہ، 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر، چالیس لاکھ ایکڑ پر لگی فصل تباہ، 800,000 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پورے کے پورے گاؤں اور لوگوں کے ذرائع معاش بہہ گئے ہیں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

حکومتِ پاکستان ریسکیو اور فوری امدادی کارروائیوں کے لیے دستیاب تمام وسائل استعمال کر رہی ہے جبکہ خوراک کا متوقع عدم تحفظ اور سیلاب زدگان کی بحالی اس کے بعد آنے والے بڑے چیلنجز ہوں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس بحران کی شدت کی وجہ سے پاکستان اپنے تئیں ان قلیل مدتی یا طویل مدتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو مسلسل بین الاقوامی تعاون، یکجہتی اور مدد کی ضرورت ہوگی اور بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کے لیے امریکی مدد و حمایت درکار ہوگی۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تعمیر نو کی منصوبہ بندی اور اس کا اطلاق کرے گا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو اس حوالے سے بین الاقوامی مہارت، تکنیکی مدد، فنڈنگ ​​اور پیشین گوئی کیلئے موسمیاتی فنانسنگ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی بنی نوع انسان کا مشترکہ چیلنج ہے، اس سلسلے میں اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ یو ایس ایڈ نے مالی امداد میں مزید 20 ملین ڈالر کا اضافہ کیا ہے، اس طرح یہ مجموعی طور پر 51 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

سمانتھا پاور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکی انتظامیہ ان مشکل حالات میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز میں اضافے پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو اور ریلیف کا مرحلہ ختم ہونے کے بعد، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو ایک مشکل چیلنج ہے، جس کے لیے پاکستان بین الاقوامی امداد کا منتظر ہے۔