چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور پاکستان سے لازوال رشتے کی تجدید کا دن ہے، 19 جولائی کشمیری عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی اور حقِ خودارادیت کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے
یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور ارض پاک سے لازوال رشتے کی تجدید کا دن ہے، سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی، حقِ خودارادیت اور پاکستان سے لازوال رشتے کی تجدید کا دن ہے، 19 جولائی کشمیری عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی اور حقِ خودارادیت کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری پیغام میں چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب بین الاقوامی تنازعہ ہے، اس کا منصفانہ اور پائیدار حل خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مؤثر نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی ہمیشہ بھرپور حمایت کرتی رہی ،سینیٹ قومی، علاقائی اور بین الاقوامی پارلیمانی فورمز پر کشمیری عوام کی آواز مؤثر انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا،آزادی اور انصاف کے لیے کشمیری عوام کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا








