وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت سے وابستگی کی تجدید کا دن ہے۔
یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت سے وابستگی کی تجدید کا دن ہے ، محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت سے وابستگی کی تجدید کا دن ہے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے یومِ الحاقِ پاکستان (19 جولائی 2026)کے موقع پر اتوار کو جاری پیغام میں محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے،کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلۂ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں دیرپا امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے،کشمیری عوام کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دلانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان ان کی جائز جدوجہد کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ا ن کا کہنا تھا کہ یومِ الحاقِ پاکستان ہمیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے عزم کو مضبوط بنانے کا پیغام دیتا ہے








