یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کا پیغام

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی مستقل، اصولی اور غیرمتزلزل یکجہتی کے اعادے کا دن ہے۔ یہ دن اس اجتماعی عزم کی علامت ہے کہ کشمیری عوام کی آزادی، وقار اور حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد پاکستان کے لیے ہمیشہ ایک بنیادی ترجیح رہے گی، جیسا کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ …

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی مستقل، اصولی اور غیرمتزلزل یکجہتی کے اعادے کا دن ہے۔ یہ دن اس اجتماعی عزم کی علامت ہے کہ کشمیری عوام کی آزادی، وقار اور حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد پاکستان کے لیے ہمیشہ ایک بنیادی ترجیح رہے گی، جیسا کہ اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں واضح طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

جمعرات 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں دہائیوں سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے باعثِ تشویش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے پیلٹ گنز کا استعمال، غیر قانونی حراستیں، جبری گمشدگیاں، اظہارِ رائے پر سخت پابندیاں اور سیاسی و سماجی قیادت کی گرفتاریاں انسانی وقار اور بین الاقوامی قوانین کی صریح نفی ہیں۔

اسی طرح آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی منظم کوششیں کشمیری عوام کو اُن کی ہی سرزمین میں کمزور کرنے کی ایک واضح مثال ہیں۔سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدامات نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں صورتحال کو مزید پیچیدہ کیا بلکہ پورے خطے میں عدم استحکام اور کشیدگی میں بھی اضافہ کیا ہے۔

یہ اقدامات جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے امکانات کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل اور غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا اور سفارتی، سیاسی اور اخلاقی سطح پر ان کے جائز مؤقف کی بھرپور وکالت کرتا رہے گا۔

ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے، اور مسئلۂ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ اس موقع پر ہم کشمیری عوام کے عزم، استقامت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ جب تک ان کے بنیادی حقوق بحال اور ان کی جائز امنگیں پوری نہیں ہو جاتیں پاکستان ہر حال اور ہر مرحلے پر کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔