یوم سیاہ ، سفارت خانہ پاکستان برسلز میں سیمینار کا انعقاد ، بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم پر مبنی ویڈیو دکھائی گئی

اسلام آباد ۔27اکتوبر (اے پی پی):یوم سیاہ 2023 کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء میں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن، تھنک ٹینکس اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافی شامل تھے۔ پروگرام کے آغاز میں یوم سیاہ کی اہمیت اور بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس کے بعدشائستہ صافی اور مزمل ایوب ٹھاکر کی تقاریر پیش …

اسلام آباد ۔27اکتوبر (اے پی پی):یوم سیاہ 2023 کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء میں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن، تھنک ٹینکس اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافی شامل تھے۔

پروگرام کے آغاز میں یوم سیاہ کی اہمیت اور بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی جس کے بعدشائستہ صافی اور مزمل ایوب ٹھاکر کی تقاریر پیش کی گئیں۔ دونوں مقررین نے جلاوطنی، اذیت اور ذہنی اذیت کی کہانی بیان کی۔ انہوں نے سامعین کے ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظالمانہ بھارتی قابض حکومت کے متاثرین کی براہ راست داستانیں اور شہادتیں شیئر کیں۔

انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے ذریعے کشمیر کے خاتمے پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے اپنے پختہ موقف کا اعادہ کیا۔سیمینار کے لئے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے بعد اب کشمیر کا غیر قانونی الحاق کیا جارہا ہے جس کی نہ صرف کشمیری عوام اور پاکستان بلکہ تمام مہذب انسانیت نے مذمت کی ہے کیونکہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے تمام اصولوں کے منافی ہے۔

انہوں نے بھارتی سکیورٹی فورسز کے وحشیانہ مظالم پر روشنی ڈالی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے معاملے پر آواز اٹھائے۔اس موقع پر سفیر آمنہ بلوچ، ڈپٹی ہیڈ آف مشن فراز زیدی اور وزیر کسٹمز اسد رضوی نے بھی صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات حاضرین تک پہنچائے۔

دنیا بھر میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جاتا ہے۔ 76 سال قبل آج ہی کے دن بھارت نے بغیر کسی قانونی جواز کے ریاست جموں و کشمیر کا کنٹرول زبردستی اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ اس کے بعد سے بھارت نے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر دہشت کا راج کر رکھا ہے جو اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔