یوم قائد پر ریڈیو ملتان نے خصوصی پروگرام ترتیب دے کر بہترین خراج عقیدت پیش کیاہے ،سٹیشن ڈائریکٹرریاض میلسی

ملتان۔ 25 دسمبر (اے پی پی):ریڈیوپاکستان ملتان کے سٹیشن ڈائریکٹرریاض میلسی نے کہاہے کہ قائداعظم کے 147ویں یوم پیدائش کے موقع پرریڈیوملتان نے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں اوران کوبہترین خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پیر کے روزاے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اس دن کی مناسبت سے قومی نشریاتی رابطے پر کراچی سے براہ راست مزار قائد پرگارڈکی تبدیلی کی تقریب ،صدر پاکستان ،وزیراعظم اورآرمی چیف کے خصوصی پیغامات بھی اس موقع پرآن ایئر کئے گئے ۔

ریاض میلسی نے کہاکہ قائد اعظم کی بہترین قیادت سے ہمیں ہماری شناخت ملی اوران کی محنت سے الگ وطن نصیب ہوا ۔انہوں نے کہاکہ پورا ملک اس وقت ان کو خراج عقیدت پیش کررہاہے اوراس سلسلے میں ریڈیو ملتان نے بھی خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں جن میں ممتاز سیاسی وسماجی شخصیات کے تاثرات ،خصوصی سرائیکی فیچر پروگرامز، ملتان میں قائد ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کی ریڈیورپورٹس ، خصوصی منظوم خراج عقیدت اوردوسرے بہت سے پروگرام شامل ہیں ،ایک سوال کے جواب میں سٹیشن ڈائریکٹرنے بتایاکہ چونکہ آج کادن ہمارے مسیح بھائیوں کے لئے بھی خوشی کادن ہے اوراس حوالے سے بھی ریڈیوملتان ان کی خوشیوں میں برابرکاشریک ہے ۔

کرسمس کے حوالے سے تقریبات کی کوریج ،پیغامات ،خصوصی کرسمس سروس اوردعائیہ تقریبات کو بھرپوراندازمیں پیش کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی اہم موقع یادن پرریڈیوملتان اپنے قائدین کے لئے خصوصی پروگرامز پیش کرکے نہ صرف اس دن کی اہمیت کو اجاگرکرتاہے بلکہ لوگوں کے اندر اپنے وطن کے لئے محبت ،بھائی چارے اورفکری شعور کو بھی بیدارکرتاہے ۔