اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے اقتصادی نمو اور برآمدات پر مبنی 40 نکاتی بجٹ تجاویز وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پیش کردیں تاکہ ملک میں تجارتی سرگرمیوں کی رفتار کو تیز،غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جاسکے اور مقامی سرمایہ کاروں کو بھی مراعات دی جاسکیں۔ پیر کو یہاں یو بی جی …
یونائیٹڈ بزنس گروپ نے اقتصادی نمو و برآمدی کلچر پر مبنی 40 نکاتی بجٹ تجاویز وزیر اعظم کو پیش کردیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے اقتصادی نمو اور برآمدات پر مبنی 40 نکاتی بجٹ تجاویز وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پیش کردیں تاکہ ملک میں تجارتی سرگرمیوں کی رفتار کو تیز،غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جاسکے اور مقامی سرمایہ کاروں کو بھی مراعات دی جاسکیں۔
پیر کو یہاں یو بی جی کی کور کمیٹی کے آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین شہزاد علی ملک نے ملک بھر سے آئے ہوئے شرکاکو بتایا کہ وزیر اعظم کو پیش کرنے سے قبل تمام تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کاروباری ماہرین کی ٹیم نے ان کو حتمی شکل دی۔ انہوں نے کہا کہ ان تجاویز کا مقصد بنیادی طور پر نمو پر اقتصادی و کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانا ہے تاکہ کورونا وائرس کی وباکے اثرات اور موجودہ سیاسی بحران کے باعث پیدا ہونے والی معاشی بدحالی کے بعد کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مہلک وبائی مرض، روس۔ یوکرین جنگ اور سیاسی بے یقینی کی وجہ سے پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور تاجر برادری موجودہ بحران کی دلدل سے نکلنے کے لیے واضح وژن کے ساتھ آگے بڑھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایسی قابل عمل تجاویز تیار کی ہیں جو حکومت کو آئندہ بجٹ کے ذریعے معیشت کی بحالی میں مدد فراہم کریں گی۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر معاشی بحالی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نئی حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ مشترکہ تجاویز سے بجٹ کو کاروبار دوست بنانے میں مدد ملے گی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے نئی حکومت پر زور دیا کہ وہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنے پر توجہ دے تاکہ معاشی نمو کو متحرک کرنے کے لیے سرمایہ کاری ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف بہترین تجربہ اور صلاحیتوں کے حامل ہیں اور بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اور سابق صدر لاہور چیمبر اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں، وہ ہمیشہ معیشت کو مضبوط بنانے اور ٹیکس کلچر کے نظام کو فروغ دینے کے لیے تاجروں اور کاروباری برادری کے تعاون کے معترف ہیں اور کاروباری طبقہ انہیں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو بی جی موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کرنے، ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور معاشرے میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے شناخت شدہ لاکھوں ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔ حکومت کو معیشت کو دستاویزی بنانے کے لیے قابل عمل حکمت عملی اپنانی چاہیے تاہم یہ نظام اتنا بوجھل نہیں ہونا چاہئے کہ اس کے نتیجے میں تاجر برادری مشکلات کا شکار ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو دیگر ممالک کے ساتھ کاروباری تعلقات بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی کیونکہ موجودہ دور میں کوئی بھی ملک تنہا اپنے طور پر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے برآمدات بڑھانے، درآمدات میں کمی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مراعاتی پیکج دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔







