6 لاکھ 94 ہزار ایکڑ پر کپاس کی کاشت کے لیے معاونت فراہم کی جا رہی ہے ،کمشنر ملتان

کمشنر ملتان کی زیر صدارت کپاس کی فصل کا جائزہ، پیداوار میں بہتری کے اقدامات پر غور

ملتان۔ 08 جولائی (اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خان کی زیر صدارت کپاس کی فصل سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کپاس کی کاشت، پیداوار، چنائی کے عمل اور فصل کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کے افسران نے فصل کی پیش رفت، پیداواری اہداف اور کاشتکاروں کو فراہم کی جانے والی زرعی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن میں رواں سیزن کے دوران 6 لاکھ 94 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت کی گئی ہے، جبکہ 2 لاکھ 24 ہزار ایکڑ رقبے پر اگیتی کپاس کاشت کی گئی، جس کی چنائی کا عمل جاری ہے۔ محکمہ زرا عت کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہ کر کاشتکاروں کو جدید زرعی طریقہ کار، فصل کی نگہداشت اور بیماریوں کے تدارک کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر رہی ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ کپاس ملکی معیشت اور ٹیکسٹائل صنعت کی بنیاد ہے، اس لیے اس کی بہتر پیداوار حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ زیا دہ سے زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں۔کمشنر نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ کپاس کی پیداوار اور معیار بہتر بنانے کے لیے فیلڈ سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کاشتکاروں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین جدید کاشتکاری، بروقت چنائی اور فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کسانوں کی رہنمائی جاری رکھیں تاکہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت مزید مستحکم ہو۔

مزید خبریں