ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی زیر صدارت 21ویں ٹی ڈی سی پی انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

بہاول پور۔ 17 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی زیر صدارت 21ویں ٹی ڈی سی پی انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامی امور، فول پروف سیکیورٹی پلان، ٹریفک …

بہاول پور۔ 17 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی زیر صدارت 21ویں ٹی ڈی سی پی انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامی امور، فول پروف سیکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، ریسکیو اور طبی سہولیات، سیاحوں کے لیے سہولتوں، ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی ایک بین الاقوامی موٹر اسپورٹس ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکی ہے، جس کے شاندار اور مؤثر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور دنیا بھر سے موٹر اسپورٹس کے شائقین کی توجہ کا مرکز ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تفویض کردہ فرائض بروقت، ذمہ داری اور باہمی تعاون سے سرانجام دیں تاکہ ایونٹ کے دوران کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ 21ویں بین الاقوامی چولستان ڈیزرٹ ریلی ایڈیشن ایک بار پھر عالمی توجہ حاصل کرے گی اور یہ پاکستان کا سب سے بڑا موٹر اسپورٹس ایونٹ ثابت ہوگا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی خلیل احمد، ریجنل منیجر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) حیدر رضا، ہوبارہ فاؤنڈیشن کے نمائندے میجر طاہر مجید، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 باقر حسین، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور ایس ڈی او چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی امتیاز لاشاری نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر یزمان، احمدپور شرقیہ، حاصل پور اور اسسٹنٹ کمشنر خیرپور ٹامیوالی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی 2026ء کے دوران خواتین کے لیے دو الگ کیٹیگریز، اسٹاک اور پریپیئرڈ، متعارف کرائی گئیں ہیں، جو موٹر اسپورٹس میں خواتین کی حوصلہ افزائی کی جانب ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ہے۔محکمہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق 21ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی 11 فروری سے 15 فروری 2026ء تک منعقد ہوگی۔ 10 فروری کو بہاولپور میں افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی، 11 فروری کو ریلی میں شریک گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکنیکل انسپیکشن، میڈیکل ٹیسٹ اور ڈرائیورز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

12 فروری کو دلواش اسٹیڈیم دراوڑ میں تمام کیٹیگریز کے کوالیفائنگ راؤنڈز ہوں گے۔ شیڈول کے مطابق 13 فروری کو مرد اور خواتین کی پریپیئرڈ کیٹیگری کی پہلی ریس ہوگی جبکہ 14 فروری کو اسٹاک کیٹیگری کی ریس کے ساتھ کلچرل نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ 15 فروری کو مرد و خواتین کیٹیگریز کے سیکنڈ راؤنڈ، ڈرٹ بائیک ریس، کوآڈ ریس، ٹرک ریس اور اختتامی تقریب و تقسیم انعامات منعقد ہوں گے۔ اختتامی تقریب شام 7 بجے ٹی ڈی سی پی ریزورٹ دراوڑ میں ہوگی، جہاں کامیاب ڈرائیورز اور ٹیموں کو انعامات اور اعزازات سے نوازا جائے گا۔

چولستان جیپ ریلی کے دوران عوامی دلچسپی کے پیش نظر دلوش اسٹیڈیم میں مقامی سپورٹس ایونٹس بھی منعقد کیے جائیں گے، جن میں دیسی کشتی اور کبڈی کے میچز شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے ان مقابلوں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ثقافتی رنگ بکھیرنے کے لیے کیمل ڈانس، ناچی بکری کے مظاہرے، رنگا رنگ ثقافتی پرفارمنس اور شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔

دلوش اسٹیڈیم میں قائم کی جانے والی فوڈ اسٹریٹ میں علاقائی اور روایتی کھانوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے، تاکہ عوام اور سیاحوں کو تفریح، ثقافت اور مقامی ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کا بھرپور موقع مل سکے۔ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کھیل، ثقافت اور تفریح کا حسین امتزاج پیش کرے گی اور یہ ایونٹ نہ صرف خطے میں سیاحت کو فروغ دے گا بلکہ چولستان کی ثقافت اور روایات کو بھی اجاگر کرے گا۔