دنیا بھر میں الیکشن کا رزلٹ آنے میں وقت لگتا ہے، ہم نے 24 گھنٹے میں 90 فیصد کے قریب نتیجہ دے دیا، جو بہت بڑی کامیابی ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی صحافیوں سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 26جولائی (اے پی پی) سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں الیکشن کا رزلٹ آنے میں وقت لگتا ہے، ہم نے 24 گھنٹے میں 90 فیصد کے قریب نتیجہ دے دیا ہے جو بہت بڑی کامیابی ہے۔ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ٹرن آﺅٹ 55 فیصد کے قریب رہا۔ دھاندلی کی کوئی سنجیدہ شکایت سامنے آئی نہ …

اسلام آباد ۔ 26جولائی (اے پی پی) سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں الیکشن کا رزلٹ آنے میں وقت لگتا ہے، ہم نے 24 گھنٹے میں 90 فیصد کے قریب نتیجہ دے دیا ہے جو بہت بڑی کامیابی ہے۔ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ٹرن آﺅٹ 55 فیصد کے قریب رہا۔ دھاندلی کی کوئی سنجیدہ شکایت سامنے آئی نہ ہی بوگس ووٹ اور ڈبے بھرنے کی شکایت موصول ہوئیں۔ آر ٹی ایس نے اس طرح کام نہیں کیا جس طرح سوچ رکھا تھا۔ جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن مجموعی طور پر پرامن ماحول میں ہوا اور اس کے بیشتر نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر بھی نتائج ملاحظہ کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں الیکشن رزلٹ کا اعلان ہونے میں وقت لگتا ہے، بہت ساری چیزوں کو چیک کرنا ہوتا ہے اس کے بعد ہی نتیجہ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران کے پی کے میں ہمارے ایک پریزائیڈنگ آفیسر سیلابی ریلے میں بہہ گئے اور ان کے ساتھ ایک سیکورٹی اہلکار بھی، اﷲ ان کے درجات بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ موسم اور سیکورٹی کے حالات کی وجہ سے بعض جگہوں پر انتخابی نتائج تاخیر سے موصول ہوئے۔اب نتائج تیزی سے موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہم سے کہیں کوتاہی ہوئی ہے یا سسٹم میں کام نہیں کیا، اس کو ہم تسلیم کرتے ہیں۔ آئندہ ہم اس عمل کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ویب سائیٹ پر رزلٹ بھی آ رہے ہیں، اس کا تجزیہ بھی آپ کے سامنے رکھیں گے۔ اس پراسیس کے اندر آپ نے یہ بھی دیکھا کہ کسی بھی قسم کی دھاندلی کی شکایت نہیں موصول ہوئی، نہ ڈبے بھرنے کی، نہ بوگس ووٹنگ کی۔

مزید خبریں