صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی مختلف مکتبہ فکر کے نمائندہ علماءوفد سے بات چیت

113
APP44-17 LAHORE: November 17 – President Dr. Arif Alvi addressing delegation of Ulemas representing different sects at Governor House. APP

لاہور ۔ 17 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت تحفظ ناموس رسالت کی ذمہ داری بخوبی انجام دینے کے لئے پرعزم ہے، حکومت تحفظ ناموس رسالت کے قانون خصوصاً دوسو پچانوے سی میں کسی قسم کی ترمیم کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ تاہم اس شق کے غلط استعمال کے سد باب کے لئے علماءکرام سے رہنمائی لی جائے گی تاکہ معاشرتی بگاڑ کو روکا جا سکے۔ کچھ عناصر تحفظ ناموس رسال کے نام پر سرکاری املاک کو نقصان اور لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کرتے ہیں جو کہ اسلام کے پر امن پیغام اور سیرت نبی کی سراسر نفی ہے۔یہ باتیں انہوں نے علامہ محمد ایوب صفدر کی سربراہی میں پنجاب بھر کے مختلف مکتبہ فکر کے نمائندہ علماءوفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں،جنہوں نے ہفتہ کو گورنر ہاﺅس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے علماءکرام کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت پاکستان کے پاس اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، اسرائیل کے بارے میں پاکستان مسلم امہ کے موقف سے متفق ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کرنے پر زور دیا جو اخوت، بھائی چارے، معاشرتی امن اور حقوق العباد کی با احسن انجام دہی کی ضامن ہے۔ صدر مملکت نے علماءکرام سے ممبر مسجد سے اسلام کا رواداری، محبت، ہم آہنگی اور امن کا پیغام عوام کے ہر طبقہ میں موثر انداز میں پہنچانے کے لئے کہا۔ صدر مملکت نے علماءکرام کو یقین دہانی کرائی کہ مدارس اور مساجد کی رجسٹریشن کے عمل کو پورا کرنے کے لئے تمام مسائل کو دور کیا جائے گا تاکہ مدارس اور مساجد کی رجسٹریشن کو قانون کے مطابق پورا کیا جا سکے۔