وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر مرزا شہزاد اکبر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے اور قومی اداروں کی استعدادکار میںاضافے اور ان کے استحکام کے لیے پرعزم ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک کو پاکستانیوں کی بیرون …

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے اور قومی اداروں کی استعدادکار میںاضافے اور ان کے استحکام کے لیے پرعزم ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک کو پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیدادوں کی شناخت میں تعاون کرنا چاہیئے، ان ممالک کے تعاون سے ہی لوٹی ہوئی ملکی دولت کو واپس وطن لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے بعد برطانوی تحقیقاتی ٹیم مقدمات کی تحقیقات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت قومی احتساب بیورو (نیب) کو مزید مضبوط بنانے اور اس کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ تعاون کے لیے پرعزم ہے کیونکہ حکومت منصفانہ اور شفاف حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کے ذریعے چیک اینڈ بیلنس کا میکانزم متعارف کرانے جا رہی ہے۔ معاون خصوصی نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت ایسے اداروں کو مضبوط کرے گی جو گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں کرپشن کے باعث تباہ ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور بڑے منصوبوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہم نے اپنی رفتار میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) مکمل طور پر ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو ملک سے بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے کے لیے بہت اچھا کام کر رہا ہے۔

مزید خبریں