کیپ ٹاﺅن۔ 5 جنوری (اے پی پی) جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، پروٹیز باﺅلرز نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور اس نے میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 41 رنز کا ہدف دیا، پاکستانی ٹیم …
دوسرا ٹیسٹ، جنوبی افریقن ٹیم فتح کے قریب پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 294 رنز پر آئوٹ،
کیپ ٹاﺅن۔ 5 جنوری (اے پی پی) جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، پروٹیز باﺅلرز نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی اور اس نے میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 41 رنز کا ہدف دیا، پاکستانی ٹیم کے آﺅٹ ہونے کے ساتھ ہی تیسرے روز کے کھیل کو بھی ختم کر دیا گیا، جنوبی افریقن ٹیم ہدف کے تعاقب میں (آج) اتوار کو دوسری اننگز شروع کرے گی، اسد شفیق، بابر اعظم اور شان مسعود کے سوا گرین شرٹس کا کوئی بھی بلے باز پروٹیز باﺅلرز کا مقابلہ نہ کر سکا، اسد نے 88، بابر نے 72 اور شان نے 61 رنز کی اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچایا بلکہ وقتی طور پر شکست بھی ایک دن کیلئے ٹال دی، ربادا اور سٹین نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، دریں اثناءجنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 431 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئی تھی اور اس نے پاکستان کے خلاف 254 رنز کی برتری حاصل کی تھی، محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ہفتہ کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقن ٹیم نے 382 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کوئنٹن ڈی کوک 55 اور ورنن فلینڈر 6 رنز پر کھیل رہے تھے، ڈی کوک 59 رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، فلینڈر کو بھی عامر نے وکٹ پر جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور وہ 16 رنز بنا کر چلتے بنے، ربادا 11 رنز بنا کر عامر کی گیند پر بولڈ ہوئے، 431 کے سکور پر جنوبی افریقہ کی آخری وکٹ گری جب ڈیل سٹین 13 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اسطرح پروٹیز نے پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 254 رنز کی برتری حاصل کی، عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4 عباس اور شان مسعود نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے 254 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو اس کا آغاز مایوس کن تھا اور 27 کے سکور پر اس کے 2 کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے، امام الحق اور اظہر علی 6، 6 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر شان مسعود اور اسد شفیق پروٹیز باﺅلرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 132 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 159 تک پہنچا دیا، یہاں پر ڈیل سٹین نے شان کو آﺅٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 61 رنز بنائے، اس موقع پر بابر اعظم نے اسد کا ساتھ دیا اور دونوں نے سکور 194 تک پہنچا دیا، یہاں پر فلینڈر نے اسد کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 88 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 7 رنز بنا کر ربادا کی گیند کا نشانہ بنے، 220 کے سکور پر کپتان سرفراز احمد 6 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، یاسر شاہ 5 رنز بنا کر چلتے بنے، بابر اعظم نے مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اننگز کی شکست سے تو بچا لیا لیکن وہ ٹیم کیلئے بڑا مجموعہ ترتیب نہ دے سکے، انہوں نے 72 رنز بنائے، 294 کے سکور پر پاکستان کی آخری وکٹ گری جب شاہین شاہ 14 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اسطرح گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 41 رنز کا ہدف دیا، سٹین اور ربادا نے 4، 4 فلینڈر اور اولیوائر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ پاکستانی ٹیم کے آﺅٹ ہونے کے ساتھ ہی تیسرے روز کھیل بھی ختم کر دیا گیا، جنوبی افریقن ٹیم ہدف کے تعاقب میں آج اتوار کو دوسری اننگز کیلئے میدان میں اترے گی۔









