سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے امریکی خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد کے ساتھ افغان مصالحتی عمل میں پیشرفت کے حوالہ سے وفود کی سطح پر مذاکرات

اسلام آباد ۔ 17 جنوری(اے پی پی)سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کی غرض سے افغان مفاہمتی میں سہولت کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، افغان امن عمل میں پیشرفت مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق افغانستان میں مصالحتی عمل سے متعلق امریکہ کے خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد کے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ …

اسلام آباد ۔ 17 جنوری(اے پی پی)سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کی غرض سے افغان مفاہمتی میں سہولت کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے، افغان امن عمل میں پیشرفت مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق افغانستان میں مصالحتی عمل سے متعلق امریکہ کے خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد کے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے ساتھ افغان مصالحتی عمل میں پیشرفت کے حوالہ سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ زلمے خلیل زاد کی معاونت امریکی وزارت دفاع، سٹیٹ اینڈ سیکورٹی کونسل کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے کی جبکہ وزارت خارجہ امور اور دفاع کے سینئر حکام سیکرٹری خارجہ کی معاونت کر رہے تھے۔ امریکی خصوصی نمائندہ خلیل زاد نے پاکستانی وفد کو خطہ میں اپنی حالیہ مصروفیات کے حوالہ سے بریف کیا۔ انہوں نے گزشتہ ماہ دبئی میں امریکہ اور طالبان کے درمیان براہ راست سہولت کی فراہمی میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے خطہ میں امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کی غرض سے افغان مصالحتی عمل میں سہولت کی فراہمی سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ افغان مصالحتی عمل میں پیشرفت مشترکہ ذمہ داری ہے۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغانوں کے درمیان باہمی مذاکراتی عمل نہایت اہمیت رکھتا ہے تاکہ مستقبل کی افغان پالیسی کے نکات پر اتفاق ہو سکے جس کے نتیجے میں افغانستان مستحکم اور خوشحال ملک بن کر ہمسایوں کے ساتھ پرامن انداز سے رہ سکے۔ زلمے خلیل زاد کا خطہ کا یہ پانچواں دورہ ہے جبکہ (آج) جمعہ کو وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے۔