اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی) اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی، اقتصادی استحکام اور حکومت کے عوامی بہبود کے حامل فلیگ شپ پروگرام ''احساس'' کیلئے معاونت کی پیشکش کی ہے۔ اس بات کا اظہار اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر ایم ایچ ہجار نے وزیراعظم عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بینک کے صدر نے وفد کے ہمراہ جمعہ کو وزیراعظم …
وزیراعظم عمران خان سے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر ایم ایچ ہجار کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی) اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی، اقتصادی استحکام اور حکومت کے عوامی بہبود کے حامل فلیگ شپ پروگرام ”احساس” کیلئے معاونت کی پیشکش کی ہے۔ اس بات کا اظہار اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر ایم ایچ ہجار نے وزیراعظم عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بینک کے صدر نے وفد کے ہمراہ جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ یہ وفد پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہے۔ وزیراعظم نے رکن ممالک اور دنیا بھر کی مسلم برادری کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بہتر زندگی بسر کرنے اور اپنی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے موجودہ حکومت اور اسلامی ترقیاتی بینک کا مقصد مشترک ہے۔ وزیراعظم نے صدر کو سماجی و اقتصادی بہتری کیلئے اپنی حکومت کے عزم سے آگاہ کیا اور حکومت پاکستان کے فلیگ شپ اقدامات ”احساس” اور ”نیاپاکستان ہائوسنگ” منصوبہ جات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد سماجی بہبود و غربت میں کمی لانا ہے۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر نے حکومت کی عوامی محور کی حامل ترقیاتی پالیسیوں کو سراہا۔ وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک کے کلیدی پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیااور انسانی وسائل کی ترقی اور ملک کے اقتصادی استحکام میں معاونت کی پیشکش کی۔ بینک نے حکومت کے فلیگ شپ احساس پروگرام کیلئے معاونت کی بھی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ بینک کی دیرینہ وابستگی اور استعداد کار میں اضافہ، انسداد پولیو اور اقتصادی نمو کے حوالے سے معاونت کرنے کی تعریف کی۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان اور بینک کے درمیان رابطوں سے آنے والے برسوں میں مزید موثر منصوبوں کو وسعت ملے گی۔







