وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وہ اپوزیشن جو حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی باتیں کر رہی تھی وہ خود تتر بتر ہو گئی ہے، ملکی معیشت کو تباہ کرنے والے (ن) لیگ کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پہلے ہی ملک سے بھاگ چکے ہیں جبکہ نواز شریف کے بچے …

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وہ اپوزیشن جو حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی باتیں کر رہی تھی وہ خود تتر بتر ہو گئی ہے، ملکی معیشت کو تباہ کرنے والے (ن) لیگ کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پہلے ہی ملک سے بھاگ چکے ہیں جبکہ نواز شریف کے بچے بھی پہلے سے وہاں مقیم ہیں، شہباز شریف کو چاہیئے تھا اور قوم بھی یہ توقع کر رہی تھی کہ وہ ان کرپٹ افراد کو وطن واپس لاتے لیکن اس کی بجائے وہ خود وہاں کے ہو کے رہ گئے ہیں، شہباز شریف کا لندن میں مستقل پڑائو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت نے اپنے ووٹر اور سپورٹر کو ایک مرتبہ پھر تنہا چھوڑ کر راہ فرار اختیار کر لی ہے کیونکہ شریف خاندان کو ملک و قوم کا مفاد عزیز ہی نہیں بلکہ انہیں صرف اپنا ذاتی مفاد عزیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے قطعاً کسی قسم کی ڈیل کی کوئی بات نہیں کی بلکہ (ن) لیگ حکومت پر دبائو ڈال کر کسی قسم کی ڈھیل چاہتی تھی تاکہ ان پر دائر کرپشن کے مقدمات پر کوئی نرمی اختیار کی جائے لیکن انہیں اس میں بھی ناکامی ہوئی کیونکہ موجودہ حکومت کرپٹ عناصر کے ساتھ کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور نہ ہی کسی کو کوئی این آر او ملے گا یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں نے ملک سے راہ فرار اختیار کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جعلی اکائونٹس اور ٹی ٹی کے ذریعے بیرون ملک سے منتقل ہونے والے اربوں روپے سے متعلق شہباز شریف کے پاس نیب کو جواب دینے کے لیے کچھ بھی نہیں اس لیے وہ جان بوجھ کر لندن میں اپنے قیام کو طویل کر رہے ہیں، چیک اپ یا علاج کا تو بس بہانہ ہے، ان کے پاس اپنی صفائی میں کہنے کو کچھ نہیں ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے شروع دن سے یہ بات کی ہے اور وہ اپنی اس بات پر آج بھی قائم ہیں کہ منی لانڈرنگ اور لوٹ مار کے ذریعے قومی دولت لوٹنے والے کرپٹ عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور عوامی دولت کو ہر حال میں واپس لیا جائے گا جسے غریب عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو چاہیئے کہ وہ اپنے اوپر دائر کرپشن کے مقدمات کا سامنا کرے اور ملک سے راہ فرار اختیار کرنے کی بجائے عدالتوں میں پیش ہو کیونکہ ان لوگوں کا ملک سے فرار ہونا اور عدالتوں کا سامنا نہ کرنا اس بات کی طرف نشاندہی کرتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیرمین کا عہدہ کسی ایک جماعت کا عہدہ نہیں تھا بلکہ یہ عہدہ اپوزیشن لیڈر کو دیا گیا تھا لیکن اب اپوزیشن لیڈر اپنی طرف سے کسی کو اس عہدے کے لیے نامزد نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کو حکومتی خواہشات کے بل بوتے پہ نہیں چلنا بلکہ اس نے اپنے قوانین و ضوابط کے تحت چلنا ہے، ہم اس معاملے پر تمام اپوزیشن جماعتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیں گے اور مشاورت سے ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جب حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا اور گزشتہ حکومتوں نے بڑے بے دردی سے ملکی خزانے کو لوٹا جس کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہو چکی تھی، ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت کے تحت موثروکارآمد پالیسیاں اپناتے ہوئے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کام شروع کیا جن کی بدولت آج ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہو چکی ہے اور وہ بیرونی سرمایہ کار جو پاکستان سے بھاگ گئے تھے اب دوبارہ سے یہاں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جو ان کا وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں جلدکامیاب ہو جائیں گے۔

مزید خبریں

Leave a Reply