اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی قومی اسمبلی سے باقاعدہ منظوری جلد حاصل کی جائے گی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نواب یوسف تالپور کے سوال کے جواب میں وزیر ہائوسنگ و تعمیرات …
وزیراعظم کی ہدایت پر نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،وزارت ہائوسنگ و تعمیرات

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی قومی اسمبلی سے باقاعدہ منظوری جلد حاصل کی جائے گی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نواب یوسف تالپور کے سوال کے جواب میں وزیر ہائوسنگ و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اسلام آباد’ کوئٹہ اور اوکاڑہ میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر نیا پاکستان ہائوسنگ کمیٹی قائم کی ہے۔ نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کی ایوان سے منظوری جلد ہوگی۔ کوئٹہ اور گوادر میں منصوبہ پر ایک ڈیڑھ ماہ میں کام شروع ہو جائے گا۔ مسرت رفیق مہیسڑ کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نیا پاکستان منصوبہ کے تحت اسلام آباد میں اظہار دلچسپی کا اشتہار دیا۔ 78 درخواستیں پہلے مرحلے میں جبکہ دوسرے مرحلے میں 91 درخواستیں آئیں۔ چھ جگہوں کی منظوری ہو چکی ہے۔ یہ گھر ضرور بنیں گے۔ نادرا کے ذریعے ہم نے سات اضلاع میں ڈیمانڈ لی جلد پورے پاکستان میں یہ ڈیمانڈ لینے کا آغاز کریں گے۔ کم آمدنی والے افراد کو چھوٹی رقم کے حامل قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مرحلہ وار اپنے مکانات تعمیر کرسکیں۔ بجٹ میں پانچ ارب روپے مختص کریں گے۔ ایک یونٹ کی لاگت 30 لاکھ روپے تک ہوگی جس میں سے 27 لاکھ روپے قرض ہوگا۔ اس پروگرام کو نجی شعبہ نے لیڈ کرنا ہے۔ ہم سہولت کار ہوں گے۔ شہباز سلیم ملک کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نیا سیکرٹریٹ کوہسار بلاک مکمل کرلیا گیا ہے۔ 16 وزارتیں یہاں منتقل ہوگئی ہیں۔ اس سے کرائے کی مد میں 18 کروڑ 28 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ وزیراعظم کی طرف سے واضح ہدایت ہے کہ کرائے کی عمارتوں سے نجات حاصل کی جائے۔








