وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا قومی کشمیر کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے کانفرنس کا انعقاد اہم اقدام ہے ، اس سے عوام کے منتخب نمائندوں کی مسئلہ کشمیر پر یکسوئی اور یکجہتی کا پیغام جائے گا، پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر ایک ہے۔ بدھ کو قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے جذبات کا …

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے کانفرنس کا انعقاد اہم اقدام ہے ، اس سے عوام کے منتخب نمائندوں کی مسئلہ کشمیر پر یکسوئی اور یکجہتی کا پیغام جائے گا، پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر ایک ہے۔ بدھ کو قومی پارلیمنٹیرین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے جذبات کا احساس ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 45 روز سے مسلسل دن رات کا کرفیو جاری ہے۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا درست ہے کہ مسئلہ کشمیر کسی زمینی ٹکرے کا مسئلہ نہیں۔ دنیا نظریں موڑ سکتی ہے قوم کا فیصلہ ہے کہ پاکستان کشمیریوں سے نظریں نہیں موڑے گا۔ وزیراعظم اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کشمیریوں کے جذبات کو مجروح نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پورا عالمی میڈیا بھارت کے اصلی چہرے کو بے نقاب کررہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے لیے یکجہتی بہت ضروری ہے۔ مسئلہ فلسطین نے او آئی سی کو جنم دیا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے اعلان پر او آئی سی سے کتنی آواز اٹھی ۔ او آئی سی ممالک کی باہمی سوچ میں ایک خلیج دکھائی دیتی ہے ۔ او آئی سی کا متفقہ اعلامیہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھایا جائے ۔ چٹکی بجانے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوسکتا ، 72 سال سے حل نہیں ہوسکا ۔ آج پاکستان کی قیادت میں کوئی لچک نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے مفادات کا سودا نہیں کریں گے۔ پورا پاکستان سیاست سے بالاتر ہوکر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان اور کشمیری بھارت کے اقدامات کو مسترد کرچکے ہیں ، آج بھارت تقسیم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں بچہ نہیں ہوں اور نہ ہی غافل ہوں۔ مودی میں جرات ہے تو مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھا کر سری نگر میں کشمیریوں سے خطاب کرے۔ عوامی ریفرنڈم سے فیصلہ ہوسکتا ہے لیکن مودی میں جرات نہیں ہے۔ مشترکہ اجلاس کے بعد مسئلہ کشمیر کے حوالے سے یہ اہم قدم ہے تا کہ دنیا کو پیغام جائے پاکستان کا پارلیمان اس مسئلے پر یکسو اور یک زبان ہیں۔ یہ زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہیں ہے 5اگست کے واقعہ نے تشویش میں اضافہ کیا ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان 27 تاریخ کو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اْجاگر کریں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 54 سال بعد مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں اٹھایا گیا جس کا سہرا وزیراعظم پاکستان کے سر پہ ہے۔ پاکستان کا مسئلہ کشمیر پر اصولی مؤقف ہے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق حل کرانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بے شمار قرار دادیں پاس کیں ہیں جو مسئلے کا واحد حل ہے۔

مزید خبریں