اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ناروے میں قرآن پاک کی توہین کا حالیہ واقعہ اس کا عکاس ہے، ایسے واقعات اسلام فوبیا کو مزید ہوا دینے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کے جرائم میں اضافہ کا باعث ہیں، کور کمیٹی اسلامی تعاون کی تنظیم …
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت،

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ناروے میں قرآن پاک کی توہین کا حالیہ واقعہ اس کا عکاس ہے، ایسے واقعات اسلام فوبیا کو مزید ہوا دینے اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کے جرائم میں اضافہ کا باعث ہیں، کور کمیٹی اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس مسئلہ کو اٹھائے اور ناروے میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرے۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں یہ قرارداد منظور کی گئی، قرارداد میں ناروے میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کور کمیٹی نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ او آئی سی یورپ اور دنیا کے دیگر حصوں میں حکومتوں اور معاشرے کی سطح پر بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کے سدباب کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ کور کمیٹی یورپی یونین سے یہ بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ یورپی یونین کے اراکین اور غیراراکین یورپی ممالک میں مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نفرت آمیز واقعات اور جرائم کا نوٹس لے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایسے نفرت آمیز واقعات یورپی یونین کے انسانی حقوق کے کنونشن اور یورپی انسانی حقوق کی عدالتوں کے مسلمانوں اور اسلام پر حملوں سے متعلق اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرنے کے حوالے سے فیصلوں کے بھی برعکس ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی طرف سے منظور کردہ یہ قرارداد حکومت پاکستان اور 22کروڑ پاکستانی عوام کی طرف سے دفتر خارجہ کے ذریعے متعلقہ فورمز پر پہنچائی جائے گی۔








