ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو

اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کو خطے کی خوشحالی کے لئے آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک روزگار پیدا کرنے، غربت کے خاتمے اور معیشت کی بہتری کے لئے اہم منصوبہ ہے۔ سی …

اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کو خطے کی خوشحالی کے لئے آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک روزگار پیدا کرنے، غربت کے خاتمے اور معیشت کی بہتری کے لئے اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک پر امریکہ کے تحفظات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی دو عالمی طاقتوں کی معاشی جنگوں کا حصہ نہیں بنا، پوری قوم سی پیک کے ترقیاتی عمل میں اپنا حصہ ڈالے گی اور ہم کسی بھی قیمت پر سی پیک کے حوالے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔علاقائی تعاون کے لئے جنوبی ایشین ایسوسی ایشن (سارک) کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد میں ہندوستان سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کے تعاون اور دلچسپی کے بغیر اس تنظیم کے مقاصد حاصل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 1.6 بلین افراد جنوبی ایشیائی خطے میں رہائش پذیر ہیں اور یہاں بیشتر عوام غربت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارک سربراہ کانفرنس کو اہمیت دینے کے لئے ہندوستان کو دلچسپی لینی چاہیے تاکہ خطے کے مسائل کو مناسب انداز میں حل کیا جاسکے۔