وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سری لنکا کے ہم منصب ڈائنش گناوردینا سے ملاقات میں گفتگو، کاروباری شخصیات کے ہمراہ پاکستان کے دورہ کی دعوت دی

کولمبو ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں، پاکستان، سری لنکا کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط، ان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا متمنی ہے، دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ …

کولمبو ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں، پاکستان، سری لنکا کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط، ان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا متمنی ہے، دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے دنیا بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سری لنکا کے وزیر خارجہ ڈائنش گناوردینا سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔ پاکستان، سری لنکا کے ساتھ، کئی دہائیوں پر محیط، ان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا متمنی ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو 5 اگست کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ان کے نتیجے میں خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے دنیا بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ پاکستان سے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے۔ رواں ماہ کے اختتام پر پاکستان میں منعقد ہونیوالے دو ٹیسٹ میچز میں شرکت کیلئے سری لنکن ٹیم کی آمد کے منتظر رہیں گے۔ وزیر خارجہ نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو اپنی طرف سے تہنیتی خط بھی دیا جس میں انہیں پاکستان تشریف لانے اور یہاں موجود بدھ مذہب کے تاریخی ورثہ دیکھنے کی دعوت دی گئی ۔ سری لنکن وزیر خارجہ ڈائنش گناوردینا نے سری لنکا آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد سری لنکا کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر خارجہ ہیں ۔ دونوں وزرائے خارجہ کا خطے میں امن و استحکام کے لئے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ نے اپنے مڈ کیریئر سفارتکاروں کی تربیت، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے دلوانے کی درخواست کی جسے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خوش دلی سے قبول کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان نے معاشی سفارتکاری کا آغاز کر دیا ہے انہوں نے سری لنکن وزیر خارجہ سے کہا کہ وہ وہ جلد از جلد، اپنے ملک کی موثر کاروباری شخصیات کے ہمراہ پاکستان تشریف لائیں تاکہ ان کی ملاقات پاکستان میں موجود بزنس کمیونٹی سے کروائی جاسکے اور اس طرح پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ کیا جا سکے۔