کولمبو۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کے ہمراہ سری لنکا کے نو منتخب صدر گو ٹابایا راجا پاکسے سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی جنوبی ایشیا و ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل، سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سینئر حکام بھی اس …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی وفد کے ہمراہ سری لنکا کے نو منتخب صدر گو ٹابایا راجا پاکسے سے ملاقات

مزید خبریں
کولمبو۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کے ہمراہ سری لنکا کے نو منتخب صدر گو ٹابایا راجا پاکسے سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی جنوبی ایشیا و ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل، سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے صدر گو ٹابایا راجا پاکسے کو پاکستان کی قیادت اور عوام کی طرف سے سری لنکا کے ساتویں صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیر خارجہ نے سری لنکا کے صدرکو صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے تہنیتی خط بھی دیا، جس میں صدر سری لنکا کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے لئے یہ امر بھی قابل مسرت ہے کہ 70 کی دہائی میں پاکستان سے عسکری تربیت حاصل کرنے والی شخصیت، آج سری لنکا کی صدارت کا منصب سنبھالے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آپ کے منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سری لنکا کے عوام نے جس طرح دہشت گردی کے عفریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی، سیلاب یا کسی بھی قدرتی آفت کا سامنا ہو تو پاکستان کے عوام اپنے سری لنکا کے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے نظر آئے۔وزیر خارجہ نے سری لنکن صدر کو پاکستان کی طرف سے شروع کی گئی معاشی سفارتکاری سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ دونوں ممالک کے لیے سود مند ثابت ہو گا۔سری لنکا کے صدر گو ٹابایا راجا پاکسے نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو سری لنکا آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے، تہنیتی پیغامات اور دورہ پاکستان کی دعوت پر صدر پاکستان اور پاکستان کی اعلیٰ قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے وفد کے ہمراہ صدارتی سیکرٹریٹ پہنچے۔








