آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پی اے ایف مصحف بیس سرگودھا کا دورہ، فرضی جنگی کارروائی کے مشن میں حصہ لیا

راولپنڈی ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پیشہ وارانہ تربیت اور آپریشنل روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو پی اے ایف مصحف بیس سرگودھا کا دورہ کیا جہاں پاک فضائیہ کے سربراہ …

راولپنڈی ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پیشہ وارانہ تربیت اور آپریشنل روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو پی اے ایف مصحف بیس سرگودھا کا دورہ کیا جہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا خیر مقدم کیا۔ ایئر چیف پی اے ایف مصحف بیس کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں۔ سرگودھا ایئر بیس صلاحیتوں، مہارتوں اور روایات کا قابل فخر ذخیرہ ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک ایف 16 لڑاکا طیارے میں سوار ہوئے جبکہ ائیر چیف نے دوسرا ایف 16 لڑاکا طیارہ اڑایا اور دونوں طیاروں نے فرضی جنگی کارروائی کے مشن میں حصہ لیا۔ آرمی چیف نے سکوارڈن کے لڑاکا پائلٹس سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی قوم و ملک کے دفاع کے لئے بے مثال خدمات ہیں۔ ایئر چیف نے پی اے ایف بیس کے دورے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ اعلیٰ عسکری قیادت نے پیشہ وارانہ تربیت اور آپریشنل روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔