معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی برٹش کونسل کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مہارتوں کی ترقی کے پروگرام بالخصوص ابھرتے ہوئے شعبوں کے لئے تربیت کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے قرضوں کے ذریعے نوجوانوں کی مالی شمولیت کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں، حکومت ملک میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ ان …

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے مہارتوں کی ترقی کے پروگرام بالخصوص ابھرتے ہوئے شعبوں کے لئے تربیت کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے قرضوں کے ذریعے نوجوانوں کی مالی شمولیت کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں، حکومت ملک میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پرائم منسٹر آفس میں برٹش کونسل کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ریجنل ڈائریکٹر جنوبی ایشیاءایڈرن ٹیموتھی، کنٹری ڈائریکٹر پاکستان عامر حسین رمضان، ریجنل ڈائریکٹر سوسائٹی ساﺅتھ ایشیاءشازیہ خاور شامل تھیں۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مہارتوں کی ترقی کے پروگرام بالخصوص ابھرتے ہوئے شعبوں کے لئے تربیت کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے قرضوں کے ذریعے نوجوانوں کی مالی شمولیت کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی صلاحیتوں کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لئے نوجوانوں پر بھاری سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ پاکستان میں زیادہ تر تعداد نوجوانوں کی ہے۔ ہم نوجوانوں کو تعلیمی ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد ملازمتوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے انہیں ملازمتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت شروع کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت ملک میں انٹرپرینیور شپ کے فروغ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے کاروبار کامیابی سے شروع کرنے کے لئے مالی تعاون، متعلقہ مہارتوں کی فراہمی اور مینٹر شپ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کی انٹرپرینیور شپ صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے برٹش کونسل کی جانب سے پیش کئے گئے ڈی آئی سی ای فیلو شپ پروگرام کا خیرمقدم کیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ملک کی 68 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لئے حکومت نوجوانوں پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے متعلق امور کی رہنمائی کے لئے ملکی تاریخ میں پہلی بار یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نیشنل یوتھ کونسل بھی قائم کی گئی ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر جنوبی ایشیاءایڈرن ٹیموتھی نے کہا کہ وہ پاکستان میں نوجوانوں کے لئے وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت اقدامات سے خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل نوجوانوں کے لئے اس پروگرام کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تبدیلی کے حقیقی نمائندے ہیں اور اس پر کی گئی سرمایہ کاری کے معاشرے پر اثرات مرتب ہوں گے۔ عامر حسین رمضان نے کہا کہ برٹش کونسل وسائل کے ضیاع کو روکنے کے لئے حکومت کو مخصوص شعبے میں تعاون فراہم کرتی ہے اور کامیاب جوان پروگرام میں ہر ممکن تعاون کی خواہاں ہے۔