صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سی اے ایس انٹرنیشنل قراقرم الپائن اسکی کپ کی اختتامی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پا کستان قدرتی حسن، سیاحت اور مہمان نوازی کے حوالے سے ایک پرکشش ملک ہے، حکومت کی جانب سے سازگار ماحول اورسہولیات کی فراہمی سے ملک میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ہمیں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ قدرتی حسن کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ ان خیالات …

اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پا کستان قدرتی حسن، سیاحت اور مہمان نوازی کے حوالے سے ایک پرکشش ملک ہے، حکومت کی جانب سے سازگار ماحول اورسہولیات کی فراہمی سے ملک میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ہمیں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ قدرتی حسن کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان ایئر فورس کے زیر اہتمام ونٹر سپورٹس فیسٹیول کے تحت چوتھے سی اے ایس انٹرنیشنل قراقرم الپائن اسکی کپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل احمر شہزاد، غیر ملکی سفارتکاروں اور مقابلوں میں حصہ لینے والے ایتھلیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے ان کھیلوں کے مقام کا دورہ کیا اور اب اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی جو ان کیلئے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر پاک فضائیہ اور دیگر شراکت داروں کو مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ان مقابلوں میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی شرکت حوصلہ افزاءہے اور اس سے بیرون ملک پاکستان کے حوالے سے مثبت پیغام گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے سکواش اور اسکیئنگ جیسے کھیلوں کے فروغ کیلئے شاندار کردار ادا کیا ہے۔ اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور انہیں تربیت کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع بھی میسر آئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ونٹر سپورٹس کے مقابلوں سے ملک کے بالائی حصوں کا قدرتی حسن اور وہاں سیاحت کیلئے دستیاب مواقع کے ساتھ ساتھ مہمان نوازی کی ثقافت کو بھی فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالات سازگار ہونے اور سہولیات میسر آنے کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال 20 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کو ترقی دینے کے ساتھ ہمیں اس بات کا بھی خیال رکھنا ہے کہ پاکستان کے قدرتی حسن کو نقصان نہ پہنچے، حکومت اس حوالہ سے اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے اور اس نے اس مقصد کیلئے رہنما اصول وضع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیئنگ جیسے کھیلوں کے فروغ سے ملک میں سیاحت کے شعبہ کو بھی ترقی ملے گی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے ونٹر سپورٹس فیسٹیول میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں اعزازات بھی تقسیم کئے۔