ویلنگٹن ٹیسٹ، بھارت نے پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنالئے، پہلا روز بارش سے متاثر، 55 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کائل جیمسن کے تین شکار

ویلنگٹن ۔ 21 فروری (اے پی پی) بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنالئے، پہلے روز کا کھیل بارش سے متاثر ہوا، 55 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، انجکیا راہانے ناقابل شکست 38 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ، اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے کائل جیمسن نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ …

ویلنگٹن ۔ 21 فروری (اے پی پی) بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنالئے، پہلے روز کا کھیل بارش سے متاثر ہوا، 55 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، انجکیا راہانے ناقابل شکست 38 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ، اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے کائل جیمسن نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جمعہ کو بیسن ریزرو، ویلنگٹن میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوا تو میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارت کی طرف سے پرتھوی شاء اور میانک اگروال نے مایوس کن انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ بھارتی ٹیم کے کپتان سمیت پہلے تین کھلاڑی 40 مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ پرتھوی شاء 16 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند کا نشانہ بنے، چیتشوار پوجارا 11 رنز بناکر کائل جیمسن کے گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، کپتان ویرات کوہلی بھارت کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو محض دو رنز بناکر کائل جیمسن کی گیند پر راس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ میانک اگروال نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ 34رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کائل جیمسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ہنوما ویہاری بھارت کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 7 رنز بناکر کائل جیمسن کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ پہلے روز کے 55 اوورز مکمل ہوئے تھے کہ شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور پھر دوبارہ میچ نہیں شروع ہوسکا۔ یوں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنالئے۔ انجکیا راہانے 38 اور وکٹ کیپر ریشبھ پنت 10 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کائل جیمسن نے تین جبکہ ٹم سائوتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔