وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ

89

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی جہد مسلسل، محنت اور لگن سے ہمیشہ اپنے مخالفین اور ناقدین کو غلط ثابت کیا، وہ فرسودہ اور گلے سڑے نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے پرعزم ہیں،کٹھن وقت سے ہم گزر آئے ہیں، درست سمت میں اصلاحات اور اقدامات کے ثمرات عوام کو پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، عوامی ترقی اور خوشحالی عمران خان کا نصب العین ہے۔ منگل کو ایک ٹویٹ انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کو مہمند کے دور دراز علاقوں تک پہنچانا عمران خان کی قبائلی عوام سے محبت اوردورافتادہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے عزم کا واضح اظہار ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار مستحق طلباء کو پچاس ہزار سکالرشپ ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایسی فلاحی ریاست کے قیام کے خواہاں ہیں جہاں وسائل امراء کی بجائے محروموں پر خرچ ہوں، وزیراعظم کا احساس ضلعی ترقیاتی پورٹل ”ڈیٹا فار پاکستان کا اجرائ” جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ملک میں غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا، پورٹل کے ذریعے ملک میں غربت کی شرح کا درست تجزیہ ممکن ہوسکے گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ غریبوں اور محروموں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے یہ عملی اقدامات عمران خان کی پسے ہوئے طبقات سے وابستگی کا ثبوت ہے۔