کورونا وائرس سے متاثر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن تشویشناک حالت میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل، اختیارات وزیر خارجہ ڈومینیک راب کو سونپ دیئے

لندن۔ 7 اپریل (اے پی پی) کورونا وائرس سے متاثر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو تشویشناک حالت میں لندن کے سینٹ ٹامس ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور انہوں نے اپنے اختیارات وزیر خارجہ ڈومینیک راب کو سونپ دیئے ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم کی سرکاری رہائش 10۔ ڈائوننگ سٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورس جانسن کو کورونا وائرس کی …

لندن۔ 7 اپریل (اے پی پی) کورونا وائرس سے متاثر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو تشویشناک حالت میں لندن کے سینٹ ٹامس ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور انہوں نے اپنے اختیارات وزیر خارجہ ڈومینیک راب کو سونپ دیئے ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم کی سرکاری رہائش 10۔ ڈائوننگ سٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بورس جانسن کو کورونا وائرس کی علامات برقرار رہنے پر اتوار کی شام ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں پیر کی شام آکسیجن لگائی گئی اور حالت خراب ہونے پر انتہائی نگہداشت کے یونٹ منتقل کر دیا گیا تاہم انہیں وینٹی لیٹر پر نہیں رکھا گیا۔ ملکہ برطانیہ کو ان کی حالت سے آگاہ رکھا جا رہا ہے ۔ ادھر ڈومینیک راب جن کو وزیر اعظم کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں نے برطانوی حکومت کی کووڈ۔19 رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور دیگر وزرا وزیر اعظم بورس جانسن کے منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھیں گے۔برطانوی سیاسی رہنمائوں نے وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ادویہ ساز کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ برطانوی وزیر اعظم کی جلد صحتیابی میں مدد کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ان کے اور امریکی عوام کے دوست ہیں اور وہ اور امریکی عوام ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔انہوں نے برطانوی وزیر اعظم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ وہ جلد صحتیاب ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب کے والد پیٹر راب نازی جرمنوں کے خوف سے 1938ء میں چیکو سلواکیہ سے برطانیہ آئے تھے۔وہ نسلاً یہودی تھے اور ان کا انتقال کینسر سے اس وقت ہوا جب ڈومینیک راب کی عمر محض 14 سال تھی۔ ڈومینیک راب بکنگھم شائر میں پیدا ہوئے اور انہوں نے آکسفورڈ اور کیمرج سے قانون کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے ۔