اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی ہسپتال سے منتقلی پر برطانوی وزیر خارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیر خارجہ نے برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حالیہ وباء کے سبب برطانوی …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ ، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی ہسپتال سے منتقلی پر مبارکباد ،ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی وزیر خارجہ کی برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی، حالیہ وباء کے سبب برطانوی شہریوں کے کثیر جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 14 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی ہسپتال سے منتقلی پر برطانوی وزیر خارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیر خارجہ نے برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حالیہ وباء کے سبب برطانوی شہریوں کے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں طبی عملہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کورونا وباء سے متاثر مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ دونوں وزراء خارجہ کے مابین وطن واپسی کے منتظر شہریوں کی جلد واپسی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب تک 7734 برطانوی شہریوں کو پی آئی اے کی 23 خصوصی پروازوں کے ذریعے برطانیہ بھجوا چکا ہے اور واپسی کے خواہاں دیگر برطانوی شہریوں کو بھی جلد برطانیہ روانہ کر دیا جائے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے برطانوی شہریوں کی وطن واپسی میں معاونت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے پاکستان سے مزید برطانوی شہریوں کی واپسی کیلئے چارٹرڈ فلائٹس بھجوانے کی اجازت طلب کی جس پر وزیر خارجہ نے صورتحال کی نزاکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ وبائی چیلنج نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے لیکن ترقی پذیر ممالک کیلئے اس چیلنج سے نمٹنا انتہائی کٹھن ہے۔ اسی تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے ترقی پذیر ممالک کے واجب الادا قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل اس وبائی چیلنج سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے بروئے کار لا سکیں۔ ہمیں توقع ہے کہ برطانیہ جی 20 کا اہم اور فعال رکن ہونے کے ناطے اس تجویز کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے قرضوں کی ری سٹریکچرنگ کے حوالہ سے دی گئی تجویز کا خیرمقدم کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے کورونا عالمی وبائی چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔








