قومی اسمبلی اجلاس کے دوران کورونا وباء کے تناظر میں سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی پارلیمنٹ ہائوس کے دورے کے موقع پر ہدایت

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہدایت کی ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کورونا وباء کے تناظر میں صحت کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے دورے کے دوران دی۔ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کے ہال کا دورہ …

اسلام آباد ۔ 8 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہدایت کی ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کورونا وباء کے تناظر میں صحت کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے دورے کے دوران دی۔ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کے ہال کا دورہ کیا اور قومی اسمبلی کے پیر کو شروع ہونے والے اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اجلاس سے متعلق بریفنگ کی صدارت کی۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور قومی اسمبلی کے اعلیٰ حکام نے صدر مملکت کو بریفنگ دی۔ صدر مملکت کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے متعلق قائم کمیٹی کی سفارشات پر قومی اسمبلی اجلاس کے ایس او پیز طے کئے گئے ہیں، ان ایس او پیز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اراکین پارلیمنٹ کی موجودگی کی تعداد کا تعین پارلیمانی لیڈرز کی صوابدید پر ہو گا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ایک روز کے وقفہ سے تین گھنٹے ہو گا۔ مہمانوں کی پارلیمنٹ ہائوس اور پارلیمنٹ لاجز میں آمد پر پابندی ہو گی۔ پارلیمنٹ کا صرف ضروری عملہ دفتر آئے گا۔ وزراء کے ساتھ عملہ کا صرف ایک فرد آئے گا۔ صحافیوں کو خصوصی پاسز جاری ہوں گے۔ 50 سال سے زائد عمر کے افراد سے درخواست کی جائے گی کہ وہ گھروں میں رہیں۔ صدر مملکت عارف علوی نے ہدایت کی کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کورونا وباء کے تناظر میں صحت کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے سماجی فاصلہ سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اراکین کی نشستوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقراررکھا جائے۔ اراکین کو بار بار ایس او پیز سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو معلوم نہیں کہ یہ وباء کب تک چلے گی۔ اس لئے مستقبل میں بھی اجلاسوں کے انعقاد میں اس حکمت عملی سے مستفید ہوا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے بھی مناسب اقدامات کئے جائیں اور ان کی نشستوں کے درمیان بھی سماجی فاصلہ کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح پارلیمنٹ کی مسجد میں نماز کے دوران ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔