وزیراعظم عمران خان مظفرآباد پہنچ گئے، وزیراعظم مظفر آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کریں گے

128

اسلام آباد ۔ 26 جون (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان مظفرآباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم مظفر آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ لائن آف کنٹرول کے رہائشیوں کےلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا اجراءبھی کریں گے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری ایک بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول کے قریب 219 دیہات میں 138,275 گھرانے مقیم ہیں۔ ان تمام کو وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر احساس کفالت پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے جن کو ماہانہ 2000 روپے ادائیگی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ان گھرانوں کی خواتین کو آج سے 12,000 روپے ایمرجنسی کیش بھی دے دیا جائے گا۔ لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے گھرانوں کے لیے وفاقی حکومت نے 3 ارب روپے مختص کر رکھے ہیں۔ ان گھرانوں کے افراد کی سہولت کے لیے 17 احساس رجسٹریشن سنٹرز خصوصی طور پر بنائے گئے ہیں تاکہ ان افراد کو احساس کارڈ بنوانے میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔