اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو ڈنمارک کے اپنے ہم منصب جیب کوفوڈ کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے کثیرالجہتی شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ …
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ڈنمارک کے اپنے ہم منصب جیب کوفوڈ کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ ، دونوں وزراء خارجہ نے کثیرالجہتی شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، ترجمان دفتر خارجہ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو ڈنمارک کے اپنے ہم منصب جیب کوفوڈ کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے کثیرالجہتی شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ گذشتہ سات دہائیوں سے قائم دوطرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشت گردی کے حملہ اور قیمتی جانوں کے نقصان پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کورونا وباء کے باعث ڈنمارک میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس وباء سے نمٹنے کیلئے ڈنمارک کی جانب سے اٹھائے گئے بروقت اقدامات کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے اپنے ڈینش ہم منصب کو، پاکستان کی طرف سے اس عالمی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے کورونا وباء کے معاشی مضمرات سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا عالمی وبائی صورتحال کے پیش نظر ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کیلئے عالمی سطح پر ڈیٹ ریلیف کی فراہمی کی تجویز دی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور انسانی زندگیوں کو بچانے کیلئے بروئے کار لا سکیں۔ شاہ محمود قریشی نے توقع ظاہر کی کہ ڈنمارک ڈیٹ ریلیف تجویز کو آگے بڑھانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔ ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے ترقی پذیر ممالک کیلئے ڈیٹ ریلیف کی تجویز کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں ممکنہ تعاون کا عندیہ دیا۔ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا وبا کے بعد ہم احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کاروبار زندگی کو بحال کر رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس اور فیٹف کے معاملہ پر پاکستان کی حمایت پر ڈنمارک کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان فیٹف کے حوالہ سے تحفظات کو دور کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔ ڈینش وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس اور فیٹف کی شرائط پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے ۔وزیر خارجہ نے اپنے ڈینش ہم منصب کو آگاہ کیا کہ پی آئی اے میں زیادہ تر پائلٹس باقاعدہ لائسنس یافتہ ہیں تاہم مسافروں کی جانوں کے تحفظ اور سفری سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے پی آئی اے میں جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ دونوں وزراء خارجہ کا کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان،مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغانستان میں قیام امن کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ دونوں وزراء خارجہ نے امریکہ اور طالبان کے مابین طے پانے والے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے، اسے دیرپا قیام امن اور اعتماد کی بحالی کیلئے اہم قرار دیا۔ وزیر خارجہ نے کرونا وباء کے تناظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری دوہرے لاک ڈاؤن اور 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کی حالت زار سے ڈنمارک کے وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے ڈنمارک سمیت عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بھارت، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے ڈومیسائل ضوابط میں تبدیلی کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے عالمی برادری کو بھارتی روییکا فوری نوٹس لینا چاہئے۔ وزیر خارجہ نے اپنے ڈینش ہم منصب کو صورتحال معمول پر آنے کے بعد دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کیا۔







