پاکستان ملک کے اندر اور باہر مذہبی تحمل و برداشت، ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کے عزم پر کاربند ہے ، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ کا یو۔این۔اے۔او۔سی کے گروپ کے سالانہ اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ''تہذیبوں میں ٹکراو'' کی آوازیں اب بھی گونج رہی ہیں۔ پاکستان ملک کے اندر اور باہر مذہبی تحمل و برداشت، ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کے عزم پر کاربند ہے۔ یو۔این۔اے۔او۔سی کے گروپ کے سالانہ اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کی دنیا کا سب …

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ”تہذیبوں میں ٹکراو” کی آوازیں اب بھی گونج رہی ہیں۔ پاکستان ملک کے اندر اور باہر مذہبی تحمل و برداشت، ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کے عزم پر کاربند ہے۔ یو۔این۔اے۔او۔سی کے گروپ کے سالانہ اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کی دنیا کا سب سے بڑا تضاد یہ ہے کہ عالمگیریت لوگوں کو قریب لے کرآئی ہے تو دوسری جانب اس نے معاشروں کے اندر تقسیم اور تفریق بھی پیدا کی ہے۔ ”تہذیبوں میں ٹکراو” کی آوازیں اب بھی گونج رہی ہیں۔ہم دنیا میں مذہبی اعتقادات کی بنیاد پر عدم برداشت، امتیازی رویے، نسل پرستی، نفرت انگیز گفتگو اور تشدد کوبڑھتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ کورونا کے خوف کو بنیاد بنا کر نسل پرستی کو ہوا دینا اور بدنام کرنا ،, استحصال کا ہونا، درپیش چیلنج کی گہرائی کا مظہر ہے۔ مذہبی دقیانوسی منفی خیالات نے ہمارے خطے سمیت کئی مقامات پر، کورونا عالمی وبا کے باعث پہلے سے پریشان حال عوام کی تکالیف کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام سے نفرت وبیزاری بلاشک وشبہ فسطائیت کی علمبردار جماعتوں کے منشور کا حصہ ہے جو مسلمانوں کو نکال باہر کرنے کے مطالبے کررہی ہیں، حجاب کو سیاسی رنگ دیتی ہیں، گاو رکھشاکے نام پر لوگوں کو نشانہ بناتی ہیں، قرآن پاک کی بے حرمتی کرتے اور اسے جلاتے ہیں، اسلامی مقدس مقامات وعلامات کی بے حرمتی کرتے ہیں اور آزادی اظہار رائے کے نام پر، اشتعال انگیزی کرتے اور پھیلاتے ہیں، اور دانستہ طورپر توہین آمیز خاکوں اور مقابلوں کا انعقاد کرتے ہیں۔ تہذیبوں کے اتحاد کے دوست گروپ کا ایک رکن ہونے کی حیثیت سے اور ہمارے بانیان کی بصیرت کی روشنی میں پاکستان ملک کے اندر اور باہر مذہبی تحمل و برداشت، ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کے عزم پر کاربند ہے۔ حال ہی میں دنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ کرتارپور راہداری کھول کر پاکستان نے اس ضمن میں اپنے پختہ عزم کا عملی اظہار کیا ہے جس کے ذریعے ہمسایہ ملک اور دنیا بھر کے سکھ بھائیوں کو ان کے اس مقدس مقام تک آسان رسائی فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ ا پنی مذہبی رسومات ادا کرسکیں۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ نفرت اور تشدد پر اکسانے والی دانستہ اشتعال انگیزی اور غصہ دلانے کے اقدامات کو عالمی سطح پر غیرقانونی قرار دیاجائے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ”اسلاموفوبیا سے مقابلے کے عالمی دن” کا اعلان کرے اور اس عفریت کے خاتمے کے لئے جوابی اتحاد تشکیل دیا جائے۔ ”تہذیبوں کے اتحاد” کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ پل تعمیر کئے جائیں، نہ کہ انہیں جلایاجائے، ایک دوسرے کے مذہبی اعتقادات اور ادیان کا احترام کیا جائے نہ کہ ان کی توہین کی جائے، تعمیری انداز میں رابطوں کو فروغ دیاجائے نہ کہ تنہائی اور اجنبیت کا نشانہ بنایا جائے۔

مزید خبریں