پولیووائرس کے خاتمے کیلئے مستقل مزاجی کے ساتھ جدوجہد کی ضرورت ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

کوئٹہ ۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں پولیو کا عالمی دن منایا جارہا ہے ،اس دن کو منانے کا حقیقی مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے معاشرے سے اس موذی مرض کا خاتمہ کریں،بچوں کے محفوظ مستقبل سے ہی ہم ایک بہترین معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں،دنیا کے کئی ممالک …

کوئٹہ ۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں پولیو کا عالمی دن منایا جارہا ہے ،اس دن کو منانے کا حقیقی مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے معاشرے سے اس موذی مرض کا خاتمہ کریں،بچوں کے محفوظ مستقبل سے ہی ہم ایک بہترین معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں،دنیا کے کئی ممالک نے پولیو جیسے موذی مرض کو بھرپور محنت اور کوششوں کے ساتھ ختم کیا ہے،پاکستان اور پڑوسی ملک افغانستان میں پولیو کے وائرس آج بھی موجود ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارے ملک میں اس وائرس کی موجودگی کے باعث موذی مرض کے بڑھنے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیوکاخاتمہ نا ممکن نہیں البتہ مشکل ضرور ہے جس کیلئے ہم سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا،یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پولیو مہم کے دوران حکومت، سول سوسائٹی، کمیونٹی،پولیوورکرز،علمائے کرام اور میڈیا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے یکجا ہونے کی وجہ سے کسی حدتک اس بیماری پر قابو پانے میں ہم کامیاب ہورہے ہیں، پولیووائرس کے خاتمے کیلئے مستقل مزاجی کے ساتھ جدوجہد کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم اپنے شہید پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،صحت عامہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے،خاص طور پر بچوں کو پولیو سمیت دیگر امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے جاری عمودی پروگراموں کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔وزیراعلی بلوچستان نے مزید کہا کہ معمول کے حفاظتی ٹیکہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے ،پاکستان اور خصوصاً بلوچستان میں اس بیماری سے بچائواور علاج سے متعلق آگاہی ضروری ہے،ہم نے اپنی آئندہ نسلوں کو ایک بہتر اور محفوظ مستقبل دینا ہے۔