ملک بھر کی طرح کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے فیصل آباد میں بھی بھرپور طریقے سے یوم سیاہ کا انعقاد

فیصل آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منگل کو فیصل آباد میں بھی بھرپور طریقے سے یوم سیاہ کا انعقادکیا گیا جس میں کمشنرفیصل ۱ٓباد عشرت علی، ڈپٹی کمشنرمحمد علی، چیئر مین ایف ڈی اے و پی ایچ اے و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر،ایم پی اے فردوس رائے ودیگر ارکان اسمبلی سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد کی بڑی تعداد …

فیصل آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):ملک بھر کی طرح کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منگل کو فیصل آباد میں بھی بھرپور طریقے سے یوم سیاہ کا انعقادکیا گیا جس میں کمشنرفیصل ۱ٓباد عشرت علی، ڈپٹی کمشنرمحمد علی، چیئر مین ایف ڈی اے و پی ایچ اے و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر،ایم پی اے فردوس رائے ودیگر ارکان اسمبلی سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی نیز اس موقع پر اعلیٰ پولیس حکام،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان، اساتذہ کرام، سکولز و کالجز کے طلبا و طالبات،علما کرام اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ضلع کونسل ہال فیصل آباد میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ 27اکتوبر1947کو بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کشمیر پرغاصبانہ فوجی قبضہ کیا اور مسلمانان کشمیر پر بھارتی ظلم و ستم، وحشیانہ تشدد اور ریاستی دہشت گردی کے بدترین سلسلے کا آغاز ہواجو آج تک جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں طویل عرصہ سے کرفیو جاری ہے جس سے کشمیری عوام کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو جاندارانداز میں اجاگرکیاہے جس سے واضح ہے کہ کشمیر کی آزادی کا دن اب دور نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر شہری مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اورہم کشمیر کی آزادی تک ان کی حمایت میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے جبکہ اس سلسلہ میں عالمی اداروں کو مؤثرکردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم چٹان کی طرح متحد ہے جو کہ کشمیر کی آزادی کیلئے واضح پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کو مظالم کے ذریعے نہیں دبا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلم بچوں،خواتین اور بوڑھوں پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم اورقتل عام افسوسناک ہے جسے فوری بند کیا جائے۔ ایم پی اے چوہدری لطیف نذر نے کہا کہ ہمارا پیارا وطن پاکستان کلمے کے نام پر حاصل کیا گیالہٰذا جب تک پاکستان ہے ہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ دنیا میں فلسطین سمیت جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم و ستم ڈھایا جارہا ہے اس کے بارے میں بھی آواز اٹھا نی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں ہر سطح پر اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 73 سال میں پہلی بار جس طرح عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جارہا ہے پہلے کبھی بھی کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم اور بربریت کے خلاف اس طرح آواز نہیں اٹھائی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل عشرت علی نے کہا کہ وہ آج کی نوجوان نسل سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں کیونکہ اسی صورت میں وہ ملک پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرسکتے اور کشمیریوں کے خلاف مؤثر آواز کو عالمی سطح پر اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو چاہئے کہ وہ تعلیم سے فارغ وقت میں انٹرنیٹ کے ذریعے کشمیریوں کے خلاف جبراور ظلم و ستم کے پیغام کو پوری دنیا میں پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آواز اٹھانے سے پہلے ہمیں سب سے پہلے 1947ء سے لے کر آج تک کی کشمیر کی ہسٹری کو جاننا ضروری ہے کہ کیسے کشمیریوں نے آزادی کی تحریکوں میں اپنی جانیں قربان کیں اور بھارت نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو آج تک کیسے نظر انداز کر رکھا ہے اور اب تو بات اس سے بھی آگے بڑھ چکی ہے کہ بھارت نے کشمیر کی آئینی حیثیت کو ہی تبدیل کرکے رکھ دیاہے۔ضلع کونسل ہال میں منعقدہ سیمینار میں ڈپٹی کمشنر محمد علی،ایم پی اے فردوس رائے، آر پی او رفعت مختار راجہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سیمینار کے اختتام پر دعا کی گئی جس کے بعد ضلع کونسل چوک سے کچہری بازار چوک تک یکجہتی واک منعقد کا بھی انعقاد کیا گیا۔