اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں اپوزیشن نے غیرذمہ داری کا ثبوت دیا، سابق حکمرانوں نے پہلے اپنے ادوار میں لوٹ کھسوٹ کر کے ملکی معیشت تباہ کی اور اب یہ لوگ ملک کو جانی و مالی نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اپوزیشن رہنما کرپٹ ہیں اور وزیراعظم عمران خان دیانت دار لیڈر ہیں …
چالیس سال سے باریاں لینے والوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا،یہ کس منہ سے منتخب حکومت کو دھمکیاں دے رہے ہیں، ان کی دھمکیوں کی کوئی حیثیت نہیں، تحریک انصاف حکومت عوام کی خدمت کر رہی ہے اور 2028ءتک کرتے رہیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹرشبلی فراز

مزید خبریں
اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں اپوزیشن نے غیرذمہ داری کا ثبوت دیا، سابق حکمرانوں نے پہلے اپنے ادوار میں لوٹ کھسوٹ کر کے ملکی معیشت تباہ کی اور اب یہ لوگ ملک کو جانی و مالی نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اپوزیشن رہنما کرپٹ ہیں اور وزیراعظم عمران خان دیانت دار لیڈر ہیں اسلئے اپوزیشن رہنمائوں کو سوٹ نہیں کرتے، 40 سال سے باریاں لینے والوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور کھربوں پتی بن گئے، یہ کس منہ سے جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو دھمکیاں دے رہے ہیں، ہمارے نزدیک ان کی دھمکیوں کی کوئی حیثیت نہیں، تحریک انصاف حکومت عوام کی خدمت کر رہی ہے اور 2028ءتک کرتے رہیں گے، مولانا فضل الرحمان کو ڈی آئی خان عوام نے مسترد کیا، ان کے پاس جلسے کرنے کا اخلاقی جواز نہیں ہے، بھٹو کی پیپلزپارٹی کو آصف علی زرداری نے قومی سے علاقائی جماعت بنا دیا ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی صورتحال بتدریج خراب ہو رہی ہے، کیسز اور اموات کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہسپتالوں پر بھی دبائو بڑھ رہا ہے، بہتر ہو گا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کی جان و مال کا خیال رکھیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جامع حکمت عملی کی بدولت ہم کورونا کی پہلی لہر میں سرخرو ہوئے تھے، اب کورونا کی دوسری لہر آئی ہے تو اپوزیشن جماعتیں بضد ہیں کہ انہوں نے جلسے کر کے عوام کی جانوں کو نقصان پہنچانا ہے، یہ لوگ عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھتے ہیں، بلاول بھٹو نے خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے، وہ اپنے گھر کی تقریب پر شرائط عائد کرتے ہیں لیکن غریب عوام کو جلسوں میں بلا کر ان کی جانوں کو خطرے میں دھکیل رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں منافقانہ رویہ ترک کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹا ہے اور سب پر کیسز ہیں، مریم نواز ایون فیلڈ کی آنر ہیں ان کے خلاف بھی عدالت کا فیصلہ آیا ہوا ہے اس وقت وہ ضمانت پر رہا ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو عوام میں پذیرائی حاصل نہیں ہے، عوام اتنے بے وقوف نہیں کہ دوبارہ ان نوسر بازوں کی باتوں میں آئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اداروں میں اپنی مرضی کے لوگ بٹھائے ہوئے تھے جو ان کی چوری کو چھپاتے تھے تاہم تحریک انصاف حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اداروں کو آزاد اور خود مختار کیا ہے تاکہ جس جس نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے وہ اس کے خلاف تحقیقات کر سکیں، احتساب تحریک انصاف کا نعرہ ہے، اپوزیشن کے بدعنوان قائدین لوٹ مار کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور کھربوں پتی بن گئے، نواز شریف ایک مل سے 32 ملوں کے مالک بن گئے جبکہ آصف علی زرداری بھی کھربوں پتی بن گئے، آصف زرداری کی کرپشن کی وجہ سے پیپلزپارٹی قومی جماعت سے علاقائی جماعت بن گئی ہے اور سندھ کے علاقے پسماندگی کا شکار ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت نے ملک میں لاک ڈائون نافذ نہیں کیا، کورونا کی دوسری لہر آنے سے پہلے حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں پر کوئی اعتراض نہیں تھا، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم نے اپنی طرف سے پوری کوشش کہ ملتان میں جلسہ نہ ہو لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن رہنمائوں کا رویہ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جلسہ کرے وہ غلط ہے، اسد عمر سے بات ہوئی تھی اور سکھر میں تقریب کے دوران ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا تھا۔ شبلی فراز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ڈی آئی خان کے لوگوں نے مینڈیٹ نہیں دیا، ہارے ہوئے شخص کو پی ڈی ایم کا سربراہ بنا دیا گیا، ان کے بیانات قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ نہیں اسلئے یہ رسوا ہو رہی ہیں، آئندہ بھی ان کا یہی انجام ہو گا، حکومت عوام کی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور 2023ءانتخابات میں بھی عوام ہمیں دوبارہ اپنی خدمت کا موقع دیں گے، عوام کبھی بھی ملک کو لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے ہاتھوں میں نہیں دیں گے۔








