اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):سکھ مذہب کے بانی بابا گو رونا نک کے 551 ویں جنم دن کی مرکزی تقریب جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ سمیت صوبائی وزراء اور اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ بابا گرو نانک …
بابا گرو نانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب، وفاقی وزیر مذہبی امور، وزیر داخلہ سمیت اہم شخصیات کی شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):سکھ مذہب کے بانی بابا گو رونا نک کے 551 ویں جنم دن کی مرکزی تقریب جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ سمیت صوبائی وزراء اور اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی صاحبزادہ نور الحق قادری نے کہا کہ بابا گرو نانک نے امن، ہم آہنگی، برداشت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک کے پیروکار پوری دنیا میں موجود ہیں، بابا گرو نانک یونیورسٹی ملک میں امن، برداشت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دےگی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد نے بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد دی۔ بھارتی سکھ یاتریوں کے پارٹی رہنما امرجیت سنگھ نے بابا گرو ناناک کے جنم دن کے موقع پر انتظامات پر حکومت پاکستان کاشکریہ ادا کیا۔ پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر سردار ستونت سنگھ اور سیکریٹری جنرل سردار عامر سنگھ نے کہا کہ بھارت کے برعکس پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد، ایڈیشنل سیکریٹری مزارات محمد طارق وزیر، فراز عباس اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری انسانی حقوق سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ پاکستانی لوگ محبت پر یقین رکھتے ہیں اور ہر سال دنیا بھر سے آئی ہوئی سکھ برادری کے لوگ محبتوں کا انمول تحفہ وصول کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سکھ برادری کیساتھ دوستی کے نظریہ کو تقویت مل رہی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ آج سکھ برادری کی ایک بہت بڑی تعداد کا اپنے مذہبی پیشوا بابا گرونانک دیوجی کے جنم دن اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے پاکستان آنا امن و محبت کے فروغ کیلئے ایک سنہری دور کا آغاز ثابت ہورہا ہے۔انٹرنیشنل لائرز فورم کے چیئرمین ناصر احمد ایڈووکیٹ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرونانک کی سادہ زندگی اور ان کی تعلیمات پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں، انہوں نے ہمیشہ حق و سچ کی بات کی، یہی وجہ ہے کہ دنیا میں کہیں بھی ظلم ہو سکھ برادری اس پر احتجاج کرتی ہے۔ انہوں نے سکھ برادری کو بابا گرو نانک کے جنم دن کی مبارکباد بھی دی۔ ہیڈ گرنتھ سورج سنگھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ مذہبی ہم آہنگی ہمارے ملک پاکستان میں ہے۔ ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کےمطابق بابا گرونانک کے 551 ویں دن کی تقریبات کے سلسلہ میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے مذہبی رسومات ادا کیں۔ چیئرمین بورڈ کی ہدایت پر سکھ یاتریوں کو ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے فیس ماسک، سینی ٹائزر کا استعمال اور حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔ سکھ یاتریوں کی سیکورٹی کے لئے بھی سخت انتظامات کئے گئے۔ جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں گوردوارہ سمیت شہر کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔ واضح رہے کہ ہر سال بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر ہزاروں سکھ یاتری دنیا بھر سے پاکستان میں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے آتے ہیں تاہم کورونا وباء کی وجہ سے اس سال زیادہ بڑی تعداد پاکستان نہیں آسکی۔ سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے جنم دن کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہفتہ کے روز بھارت سے 600 سے زائد سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد کے ساتھ ہوا تھا۔ یاتریوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سینکڑوں پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں تعینات کئے گئے تھے۔ بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ایک خصوصی گانا بھی تیار کیا گیا۔ گانے میں پنجاب کے ضلع نارروال میں کرتارپور میں موجود گردوارہ دربار صاحب کی یاترا کے لئے آنے والے سکھ برادری کو ویزا فری رسائی کے ساتھ کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو فلمایا گیا ہے۔ اس گانے میں کرتار پور کی یاترا کے لئے آنے والے سکھ کمیونٹی کے ارکان کے تاثرات بھی شامل ہیں۔ بالی ووڈ کی اداکارہ پونم کور اور ان کی فیملی نے اپنے مقدس مقام کے سفر میں سہولت فراہم کرنے کے لئے اس بے مثال اقدام پر وزیراعظم عمران خان سے اظہار تشکر کیا ہے جس کی وجہ سے ان کا ایک دیرینہ خواب مکمل ہوا ہے۔ یہ اقدام وزیراعظم عمران خان کے پورے خطے میں امن اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والی برادریوں کے لئے اپنے دلوں کو کشادہ کرنے اور خوشحالی کے حصول کے وژن کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ ان کا وژن بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کی شکل میں پہلے ہی ثمر آور ہو چکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر 9 نومبر 2019ءکو ویزا فری بارڈر کراسنگ کا افتتاح کیا تھا۔ پاکستان کی حکومت کے اس اقدام کو دنیا بھر میں سکھ برادری کی جانب سے بے پناہ سراہا گیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت 3 ہزار سکھ یاتری بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر آنے والے یاتری اپنے قیام کے دوران پنجاب میں دیگر گوردواروں کا بھی دورہ کریں گے۔








