وزارت انسانی حقوق نے ”ریپ“ پر شارٹ فلم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کر دی

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق نے ”ریپ“ پر شارٹ فلم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کر دی ہے۔ صنف پر مبنی تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر شروع کی جانے والی 16 روزہ مہم کے سلسلے میں وزارت انسانی حقوق نے اس فلم کا آغاز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیا جس میں پاکستان میں صنف پر مبنی تشدد جیسے جرائم کے حوالے سے خواتین …

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق نے ”ریپ“ پر شارٹ فلم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کر دی ہے۔ صنف پر مبنی تشدد کے خلاف عالمی دن کے موقع پر شروع کی جانے والی 16 روزہ مہم کے سلسلے میں وزارت انسانی حقوق نے اس فلم کا آغاز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیا جس میں پاکستان میں صنف پر مبنی تشدد جیسے جرائم کے حوالے سے خواتین کو آگاہی فراہم کی گئی ہے۔ اس فلم میں خواتین کو ”زنا بالجبر“ جیسے گھنائونے جرم کے بارے میں قانونی امور اور مقررہ سزاوں سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ وزارت انسانی حقوق کے مطابق یہ ویڈیوز اور فلمیں خواتین کی حیثیت پر قائم قومی کمیشن (این سی ایس ڈبلیو) اور شرمین عبید چنائے (ایس او سی) کے اشتراک سے تیار کی گئی ہیں۔ ان ویڈیوز اور فلموں کو اردو، سندھی، پشتو، پنجابی اور بلوچی زبانوں میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ بصری مواد 10 دسمبر تک سوشل میڈیا اور براہ راست واچ پارٹیوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر نشر اور ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ ان فلموں کی نمائش پاکستان بھر میں متعدد یونیورسٹیوں اور کالجوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی پلیٹ فارمز پر بھی کی جائے گی۔ عوامی سطح پر ان موضوعات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کرنے اور آگاہی پیدا کرنے کے لئے معروف وکلااور انسانی حقوق کے ماہرین کے ساتھ ریڈیو شوز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔