اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 8خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب 20جنوری تک موخر کرنے کی این سی او سی کی ہدایت پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،شہری علاقوں میں مرد اور خواتین ووٹران میں 10فیصد فرق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس فرق کو کم کیا جاسکے۔کمیشن کا اجلاس منگل کو چیف …
الیکشن کمیشن کا 8خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب 20جنوری تک موخر کرنے کی این سی او سی کی ہدایت پر عمل کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 8خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب 20جنوری تک موخر کرنے کی این سی او سی کی ہدایت پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،شہری علاقوں میں مرد اور خواتین ووٹران میں 10فیصد فرق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس فرق کو کم کیا جاسکے۔کمیشن کا اجلاس منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا، وزارت داخلہ، وزارت قانون و انصاف ، ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ بورڈ اور الیکشن کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن پاکستان کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد اور خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے حوالے سے اب تک الیکشن کمیشن کی طرف سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے شرکاکو آگاہ کیا گیا۔ کمیشن کو سپریم کورٹ کی جانب سے جاری 18 نومبر 2020 کے حکم نامہ کے حوالے سے بریف کیا گیا، الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے27 اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل کر لی ہیں تا ہم 7 اضلاع میں صوبائی حکومت کی جانب سے ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلوں کی تعداد کے نوٹیفکیشن نہ کرنے کی وجہ سے حلقہ بندیوں کا کام نہیں ہو سکا مزید صوبائی حکومت کی جانب سے انتخابی قواعد کا نوٹیفکیشن ہونا باقی ہے اور صوبائی حکومت کی طرف سے الیکشن ایکٹ2017ء کی زیر دفعہ219(3) الیکشن کے انعقاد سے متعلق بھی الیکشن کمیشن کو تحریری طورپر مراسلہ لکھنا باقی ہے تا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد سے متعلق دیگر ضروری اقدامات اٹھا سکے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونحواہ نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی وزیر قانون کر رہے ہیں یہ کمیٹی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے اپنی سفارشات کابینہ کے سامنے 10 دسمبر سے پہلے رکھے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے اس بات کا یقین دلایا کہ 7 اضلاع کے حوالے سے نوٹیفکیشن کا اجراء ایک دو روز میں کر دیا جائے گااور انتخابی قوانین سے متعلق نوٹیفکیشن بھی اسی ہفتے جاری کر دیا جائے گا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے پی کو الیکشن کمیشن نے تنیبہ کی کہ کے پی گورنمنٹ کو کمیشن متعدد بار وہ اقدامات جو التواء میں ہیں کے مکمل کرنے کے بارے میں لکھ چکا ہے تاکہ کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری نبھا سکے۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے ہدایت جاری کیں کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں حکومت خیبر پختونخواہ کو مراسلہ ارسال کیا جائے تا کہ وہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے فوری ضروری اقدامات کرے اور انتخابات کے جلد از جلد انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے۔اجلاس میں اسلام آباد کے میئر کے انتخاب کے حوالے سے سپیشل سیکرٹری نے اسلام آباد میں شیخ انصر عزیز میئر اسلام آباد کے استعفی کے نتیجہ میں خالی ہونے والی نشست کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریف کیا۔ اس ضمن میں وزارت داخلہ و قانون و انصاف کے حکام کی رائے طلب کی گئی ان کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا کہ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن اس پر فیصلہ فرمائے۔ غوروخوض کے بعد الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا اور دفتر کو ہدایات جاری کیں کہ اسلام آباد میں میئر کی خالی نشست پر الیکشن کے انعقاد کے لیے فوری طور پر حسب ضابطہ شیڈول جاری کرے۔اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے انعقادکے بارے میں کمیشن کو بتایا گیا کہ 19 دسمبر 2019 کو ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کی میعاد ختم ہوگئی تھی اس کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کی تکمیل کے بعد حلقہ بندیوں کا نوٹی فیکیشن 27مارچ 2020کو کر دیا تھا۔ کووڈ19 اور انتخابی فہرستوں کی سالانہ نظر ثانی اور عدم دستیابی کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہوا۔ اس حوالے سے اب نئی پش رفت یہ ہوئی ہے کہ وزارت دفاع نے 7 کنٹونمنٹس کی ری کلاسیفکیشن کی ہے جس کے نتیجہ میں ان کنٹونمنٹ کی نشستوں کی تعداد میں ردوبدل ہوگا۔ ان کنٹونمنٹس میں از سر نو حلقہ بندیاں ناگزیر ہیں۔اسپشل سکریٹری نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں اس حوالے سے زیر التواء مقدمے کا بھی حوالہ دیا۔جس میں وزارت دفاع نے ایک ہفتہ کی مہلت کی گزارش کی تا کہ کنٹونمنٹ آرڈیننس 2002 کے دفعہ58(2) کے تحت انتخابات کنٹونمنٹ بورڈ کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو تحریر کر سکے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے نمائندے نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں اس ضمن میں الیکشن کمیشن کو کنٹونمنٹ ایکٹ کی دفعہ 58 (2)کے تحت انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تحریر کیا جائے گا اور کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے جو کنٹونمنٹ بورڈ ری کلاسیفائی ہوئے ہیں ان کی سیٹوں کی تعداد بھی الیکشن کمیشن کو 10 روز کے اندر مہیاکر دی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کیں کہ مذکورہ بالا تفصیلات فوری طور پر الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائیں تا کہ الیکشن کمیشن ان کنٹونمنٹ بورڈ میں حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کرے مزید برآں وزارت دفاع انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے وفاقی حکومت کو تحریر کرے اور ان مراسلہ جات کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی ارسال کی جائے۔اجلاس کو 7 دسمبر 2020 کو قومی ووٹر ڈے منانے کے حوالے سے جاری تیاریوں سے آگاہ کیاگیا اس ضمن میں کووڈ19 کی وجہ سے تقریبات کو انتہائی محدود کرنے کی سفارش کی گئی۔مردم شماری 2017ء کے اعدادوشمار کی سرکاری اشاعت کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ رزلٹ کو ابھی تک شائع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوکل گورنمنٹ کے الیکشنز اور عام انتخابات 2023 کی راہ میں کچھ آئینی اور قانونی رکاوٹیں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے متعدد بار مختلف سطح پر یہ ایشو حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔ اور وزارت قانون اور پارلیمانی امورکوبھی الیکشن کمیشن کی معاونت کرنے کا کہا ہے۔الیکشن کمیشن نے دفتر کو ہدایت کی کہ حکومت کے ساتھ مردم شماری2017 کی اشاعت کا معاملہ دوبارہ اٹھائیں تاکہ ان کی جلد ازجلد اشاعت کی جائے۔ مزید برآں کمیشن نے 3 دسمبر 2020ء جمعرات وفاقی سیکرٹری قانون اور پارلیمانی امورکو مدعو کیا ہے تاکہ و ہ اس ایشو پر کمیشن کی معاونت کریں۔ الیکٹرونک ووٹنگ مشین ، بائیو میٹرک ویری فیکیشن مشین، آئی ووٹنگ کا مستقبل کے انتخابات میں استعمال کے امکانات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی نے الیکٹر انک ووٹنگ مشین، بائیو میٹرک ووٹنگ مشین اور آئی ووٹنگ کے حوالے سے حالیہ ہونے والے اجلاسوں اور ان کی تفصیلا ت سے آگاہ کیا اور ان مشینوں کے مستقبل کے استعمال کے نتیجے میں ممکنہ اخراجات، تکنیکی صلاحیتوں، رازداری، سیکیورٹی اور ترقی یافتہ ممالک مں ان کے استعمال کے بعد ان سے اجتناب کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریف کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں اس بات پر زور دیا کہ اس ضمن کسی بھی فیصلے سے قبل اس کے تمام مضمرات کا جائزہ لینا بہت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں کوئی بھی عجلت میں فیصلہ آنے والے انتخابات پر اثر انداز ہو سکتا ہے اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جمع کردہ پائلٹ پروجیکٹس کی رپورٹس کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جانا چاہیے۔ تاکہ کسی مناسب فیصلے پر پہنچا جا سکے۔اجلاس میں ضمنی انتخابات کے انعقادکے حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشنز نے قومی و صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں کی تفصیل سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ اس وقت 2 قومی اور6 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات زیرالتواء ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر نے یہ سفارش کی ہے کہ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کو 31 جنوری 2020 تک ملتوی رکھا جائے۔ اس ضمن میں این سی او سی 31 دسمبر 2020 کو ایک اور جائزہ بھی لے گا۔ الیکشن کمیشن نے این سی او سی کی سفارشات پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں جاری شدہ انتخابی فہرستوں کے اعداد و شماربارے ڈائریکٹر ایم آئی ایس نے اعداد و شمار پیش کیا اس ضمن میں مرد و خواتین کے درمیان تفاوت کو صوبے، ضلع اور قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے اعتبار سے پیش کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں تشویش کا اظہار کیاکہ کچھ شہری علاقوں میں بھی مرد و خواتین رجسٹرڈ ووٹروں کے درمیان فرق 10 فیصد سے زیادہ ہے۔ اس ضمن میں یہ ہدایات جاری کی گئیں کہ اس معاملے کو ہر زاویہ سے جانچا جائے اور ایسے اقدامات تجویز کئے جائیں کہ الیکشن کمیشن اقدامات اٹھائے تا کہ اس تفاوت کو کم سے کم کیا جا سکے اور ہر علاقے اور وجوہات کے لحاظ سے الگ الگ تجاویز اور ترجیحات مرتب کی جا سکیں۔








